بی ڈی اوز کی کمی کی وجہ سے عوام پریشان ،دفتری کام کاج ٹھپ اور اعلیٰ آفیسران نیند میں
عمرارشدملک
راجوری :محکمہ دیہی ترقی جموں کشمیر میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے کیونکہ اس وقت راجوری اور پونچھ میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران کی سخت کمی کی وجہ سے تقریباً 9بلاکوں کی کارکردگی بھی کم ہوتی جارہی ہے اور ان بلاکوں کے مقامی لوگ بھی کافی پریشان ہے اور یہاں تک ان بلاکوں کے دفتری کام کاج پر بھی اثر پڑنا شروع ہوگیا ہے اور محکمہ کے اعلیٰ اافیسران گیری نیند میں آرام کررہے ہیں اور کسی کو بھی راجوری پونچھ کا خیال نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجوری کے راجنگربدھل ، کوٹرنکہ اور کالاکوٹ میں کوئی بھی بی ڈی او تعینات نہیں ہے اور خاص طور پر بلاک کالاکوٹ میں تعینات بی ڈی او کی وفات کو بھی ایک ماہ قریب ہوگیا ہے لیکن ابھی تک وہاں بھی کوئی بی ڈی او تعینات نہیں کیا گیا اس کے علاوہ راجنگر بدھل سے بی ڈی او سلام دین کو تبادلہ کردیا گیا جس وجہ سے ایک نہیں بلکہ دو بلاکوں میں بی ڈی او کے عہدے خالی ہوگے اس کے علاوہ بلاک لمبیڑی ، سیوٹ ، قلعہ درہال اور پنج گرائیں بھی کافی عرصہ سے مستقل بی ڈی او کے انتظار میں ہیں لیکن عرصہ دراز سے ان 4بلاکوں کا ایڈیشنل چارج دیگر بلاکوں کے بی ڈی اوز کو دیا ہوا ہے جس وجہ سے بی ڈی اوز بھی ناکام ہوچکے ہیں کیونکہ ایک بی ڈی او ایک وقت میں ایک ہی بلاک میں کام کرسکتا ہے جس وجہ سے دوسری بلاک میں کام کاج ٹھپ ہوجاتا ہے اسطرح سے ضلع راجوری کی 7بلاکوں میں عوام مشکلات میں اور دفتری کام کاج بھی ٹھپ ۔ وہیں دوسری طرف ضلع پونچھ میں بھی حالت کچھ ٹھیک نہیں ہے کیونکہ پونچھ میں بالاکوٹ ، لورن اور ننگالی صاحب میں مستقل بی ڈی او نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ساتھ میں بلاکوں کے روز مرہ کے کام کاج پر بھی اس کا اثر ُپڑرہا ہے ۔پونچھ کے بلاک لورن کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ مستقل بی ڈی او نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیوں سے گزرنا پڑ رہا ہے کیونکہ اجرتوں کا مسئلہ ہو یا پھر نئے کاموں کا بی ڈی او کے بغیر یہ تمام مسائل حل نہیں ہوسکتے اور لورن کا چارج بی ڈی او منڈی کو دیا گیا ہے جو کہ لورن کے لئے وقت نہیں دے سکتے اس لئے لورن میں علیحدہ بی ڈی او تعینات کیا جائے کیونکہ یہ ایک دور دراز اور پہاڑی علاقہ ہے اس لئے محکمہ کو چاہیے کہ وہ لورن میں علیحدہ بی ڈی او تعینات کرئے یا پھر کسی تیز نوجوان آفیسرکو تعینات کر ئے جو منڈی اور لورن دونوں یک وقت سنبھال سکے ۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں کے دفتر میں تقریباً 8بی ڈی اوز اٹیچ رکھے ہوئے ہیں جن کا ڈائریکٹر دفتر میں کوئی رول ہی نہیں بنتا اور انہیں بلاکوں میں تعینات کرنے سے کم ازکم کچھ بلاکوں میں لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہوجائے گا ۔