لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍نئی دہلی سے شائع ہونے والے اخبار نے اس بات کا سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ پی ڈی پی سے حمایت لینے کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ کو کچھ نہیں بتایا گیا ۔ اخبار کے مطابق قومی سلامتی مشیر اور بی جے پی کے قومی صدر نے پی ڈی پی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا اور جونہی رام مادھو نے پریس کانفرنس کے دوران حکومت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تو وزیر داخلہ جو کہ دفتر میں معمول کے کام میں مصروف تھے وہ ہکا بکا رہ گئے۔ نئی دہلی سے شائع ہونے والے اخبار ٹیلی گراف نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو پی ڈی پی سے علیحدہ ہونے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ۔ اخبار کے مطابق گزشتہ روز قومی سلامتی مشیر اجیت ڈول اچانک قومی صدر امیت شاہ کے گھر پہنچے اور انہیں اس بات کی جانکاری دی کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے پی ڈی پی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اخبار کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اُس وقت اپنے دفتر میں معمول کے کام میں مشغول تھے کہ رام مادھو نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی جانکاری دی کہ بی جے پی نے پی ڈی پی سے علیحدگی اختیار کی۔وزارت داخلہ دفتر میں تعینات کئی آفیسران نے اخبار کو بتایا کہ جونہی ٹیلی ویژن چینلوں پر بتایا گیا کہ بی جے پی نے پی ڈی پی سے اتحاد ختم کیا تو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ہکا بکا رہ گئے اور فوری طور پر امیت شاہ کے گھر پہنچے کیونکہ انہیں اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ آفیسر کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ساتھ مذاکراتکار دنشور شرما کو بھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سیر فائر کرنے کی ہاں میں ہاں ملائی چونکہ سیز فائر کرنے پر مرکزی حکومت کو ملکی سطح پر کافی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑا ۔ اسی لئے وزیر اعظم ہند نے وزیر داخلہ کو اس اہم فیصلے کے بارے میں کچھ نہیں کہا ۔