(یوم پیدائش پر خاص)
نئی دہلی، 9 اگست (یو این آئی )دیپا کرماکر جنہیں گولڈن گرل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،ایک فنکارانہ جمناسٹ ہیں، جنہوں نے ریو اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ وہ اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون جمناسٹ ہیں۔
دیپا نے بہت کم عمری میں ایک جمناسٹ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا،۔سال2007 تک دیپا نے 67 گولڈ میڈل سمیت قومی اور بین الاقوامی چیمپئن شپ میں 77 تمغے جیتے ہیں۔ دیپا 2010 میں ہندستان میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں ہندستانی جمناسٹ ٹیم کی رکن تھیں، جس میں ہندستان کے آشیش کمار نے ہندستان کا پہلا جمناسٹ میڈل جیتا تھا۔تقریباً نصف صدی کے بعد ہندوستان کی جانب سے کسی جمناسٹ نے اولمپکس میں حصہ لیا۔
دیپا کرماکر 9 اگست 1993 کو اگرتلہ، تریپورہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد دلال کرماکرہندوستان کے بہترین ویٹ لفٹر کوچز میں سے ایک ہیں۔انہوں نے دیپا کو ہر طرح سے سپورٹ کیا اور ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔ یہ ان کے والد ہی تھے جنہوں نے سب سے پہلے اپنی بیٹی کی صلاحیتوں بھانپ لیا تھا۔ان کے والد نے دیپا کے جمناسٹ کے شوق کو دیکھا اور صرف 6 برس کی عمر سے ہی تربیت دینا شروع کردی تھی ۔
دیپا نے جب جمناسٹک کی ٹریننگ شروع کی تو انہیں متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نےاپنے کیرئیر کے آغاز میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے۔ ان کے والد کا بھی یہی خواب تھا کہ وہ ایک نامور جمناسٹ بنیں۔ ان کی تربیت وویکانند جم سے شروع ہوئی۔ وہاں ان کے کوچ بسویشور نندی تھے۔ یہ جم بہت سادہ تھا، جہاں مناسب مشینیں نہیں تھیں۔ اس کے علاوہ جب انہوں نے جمناسٹ شروع کیا تو ان کے پاس جمناسٹ کے پہننے والے خاص کپڑے اور جوتے بھی نہیں تھے، وہ اپنے جم میں خود سے بڑی لڑکی کے کپڑے پہنتی تھیں۔