200 زخمی،بہتیروں کی حالت نازک ،زیادہ اموات گرو تیغ بہادر اسپتال میں
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍شمال مشرقی دہلی میں تین دنوں تک جاری فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے ۔ گرو تیغ بہادر اسپتال میں 42افراد جبکہ لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال میں تین جبکہ ایک شخص کی جگ پرویش چند اسپتال میں موت ہوئی ہے ۔ اس علاقے میں تین دنوں تک ہونے والے پرتشدد ،وحشیانہ واقعات میں تقریبا 200افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بہتیروں کی حالت نازک ہے ۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور تفتیش کے لیے کرائم برانچ کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی)تشکیل دی گئی ہے ۔ دہلی پولیس کے افسر رابطہ عامہ(پی آر او) مندیپ سنگھ رندھاوا نے بتایا کہ فساد زدہ علاقوں میں مناسب تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کے بعد حالات قابو میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 48 ایف آئی آر اب تک درج کی جا چکی ہے اور حقائق کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد مزید معاملے درج کیے جائیں گے ۔ ایک ہزار سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیج ملے ہیں جن کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ اب تک 106 افراد کی گرفتاری ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دن- رات مستعدی کے ساتھ احتیاط برتی جا رہی ہے ۔ دہلی پولیس کے خصوصی کمشنر ایس۔ این شریواستو نے فساد سے متاثر چاند باغ اور کھجوری خاص علاقے کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے خیریت دریافت کی ۔ اس موقع پر مقامی افراد نے ان کے سامنے سلامتی اورامن سے متعلق بہت سے مطالبات رکھے ۔