جموں و کشمیر کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کرنے والے دہشت گردوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: دلباغ سنگھ
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعے کے روز کہاکہ پاکستان میں مقیم دہشت گرد جموں وکشمیرمیں ملی ٹینسی کو پھر سے بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے خط چناب کے دورے کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔پاکستان میں مقیم دہشت گردوں کو متنبہ کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہاکہ جو دہشت گرد پاکستان میں بیٹھ کر یہاں دہشت گردی کو بحال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مقیم مقامی دہشت گردوں کی جائیدادیں ضبط کرنے پر کارروائی شروع کی گئی ہے۔ان کے مطابق سرحد کے اس پار بیٹھے دہشت گرد جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو پھر سے فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں وہ پاکستان میں بھی غیر محفوظ ہیں کیونکہ ہم وہاں بھی پہنچ جائیں گے اور ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں دن رات کا م کر رہی ہیں۔پولیس سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ حزب کمانڈر جہانگیر سروی کو بہت جلد مار گرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ جہانگیر سروری کے ساتھیوں کو تصادم آرائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا اور جتنے بھی ملی ٹینٹ اس کے ساتھ ہیں ان کو بھی بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حزب کمانڈر پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں اور بہت جلد اس سے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘ملی ٹینسی کم ہوئی ہے لیکن ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے ابھی بھی یہاں ایسے عناصر موجود ہیں جو امن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں’۔چسانہ میں تصادم آرائی کے دوران سرگرم ملی ٹینٹ کی ہلاکت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے پولیس چیف نے کہاکہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر ملی ٹینٹ کو ہلاک کیا۔انہوں نے بتایا کہ خط چناب میں سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح سے متحرک ہیں اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی