دہشت گردی کاصفایاکرنے کیلئے چلے گامنصوبہ بندآپریشن ؛ایل جی سنہااورفوجی سربراہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس

0
0

جموں خطے سے دہشت گردی کا صفایا کیا جائے گا: منوج سنہا
جان محمد

جموں/سرینگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کے ہمراہ جموں صوبہ میں سیکورٹی کی صورتحال پر آرمی چیف، سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف سربراہوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کے علاوہ  ڈی جی بی ایس ایف، ڈی جی سی آر پی ایف، ڈی جی پی جے اینڈ کے، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان اور فوج، سی اے پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے میٹنگ میں شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے فوج، سی اے پی ایف اور جموں کشمیر پولیس سے کہا کہ وہ جموں صوبہ میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو فعال طور پر انجام دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’ہمیں دہشت گردوں اور ان کی مدد کرنے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کا صفایا کرنے کے لیے تمام ایجنسیوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے خلاف پیچیدہ اور منصوبہ بند کارروائیاں شروع کرنی چاہییں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی ہدایت کی کہ سرحد پار سے صفر دراندازی کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا جائے۔
اس سے قبل جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ جموں خطے سے بھی ملی ٹنسی کو اسی طرح جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا جس طرح کشمیر میں اس کو ختم کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں خاص کر ہمارے ہمسایہ ملک کو جموں وکشمیر میں قائم امن سے پریشانی ہو رہی ہے اور وہ یہاں ملی ٹنسی کو دوبارہ زندہ کرنا چاہتے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے سنیچرکے روزہی سرینگرمیںایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا’’جموں و کشمیر میں ہو رہی تبدیلی سے کچھ لوگوں کو پریشانی لاحق ہے اور وہ اس تبدیلی سے بوکھلائے ہوئے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہمارا ہمسایہ ملک جو دہشت گردی کا سرغنہ ہے، جموں خطے میں دہشت گردی کو پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کے ناپاک منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘‘۔
منوج سنہا نے کہا’’جموں خطے کے لوگوں نے ہمیشہ دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور مجھے اپنے بہادر جوانوں کی بہادری پر پورا بھروسہ ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’جلد سے جلد جس طرح کشمیر میں تمام دہشت گرد تنظیموں کے کمانڈروں کو ختم کیا گیا اسی طرح جموں میں بھی ہمارے سیکورٹی فورسز دہشت گرد کمانڈروں کا صفایا کریں گے‘‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا