پی ایس جی اے کے مطابق خدمات کو یقینی بنانے کے لییضلع انتظامیہ کو ہدایات
لازوال ڈیسک
جموں؍؍فارسیٹ ایکالوجی اینڈ انوائرنمنٹکے ایڈیشنل چیف سکریٹری (ACS) دھیرج گپتا نے آج علاقے کے ترقیاتی پروفائل کا جائزہ لینے کے علاوہ عوامی شکایات کا جائزہ لینے کے لیے مڑھ بلاک کے پرواہ پنچایت میں ایک بڑے عوامی دربار کی صدارت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جموں سچن کمار ویشیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر شیر سنگھ کے علاوہ دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
اس تقریب میں عوامی نمائندوں کی شرکت بھی دیکھی گئی جن میں ڈی ڈی سی ممبر بلبیر لال، بی ڈی سی چیئرمین مڑھ، پی آر آئی کے سابق نمائندے اور دیگر شامل تھے۔وہیںعوامی دربار میں نمایاں مسائل جن میں سڑکوں کی خستہ حالی، آبپاشی کی نہروں کی مرمت، کھیتوں کے تحفظ کے لیے گریٹس کی تنصیب، مقامی اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری، ایس ڈی ایچ میں اپ گریڈ شدہ سہولیات، کاشتکاری کی سرگرمیوں کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی اور بلاک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل تھے۔
وہیںدھیرج گپتا نے پروگرام کے دوران اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی تمام شکایات اور مطالبات کو بروقت حل کیا جائے گا۔اس موقع پر اے سی ایس نے افسروں پر زور دیا کہ وہ پی ایس جی اے کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنائیں جبکہ عام لوگوں تک سرکاری خدمات کے فوائد پہنچائیں۔
دھیرج گپتا نے ہر شکایت کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ عوامی شکایات اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر جانچیں اور ان کا ازالہ کریں۔