سید شوکت غیور اندرابی نے فاروق نازکی کے انتقال پراظہار تعزیت کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ سماجی ،ادبی اور ثقافتی حلقوں نے دور درشن کیندر سرینگر کے سابق ڈائریکٹر اور وادی کے معروف شاعر ،ادیب اور قلمکار فاروق نازکی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔جموں و کشمیر غیور فاونڈیشن کے چیرمین انجینئر سید شوکت غیور اندرابی نے فاروق نازکی کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور ان کی ریڈیو کشمیر اور دور درشن سرینگر میں بطور سربراہ کے کام کے ساتھ ساتھ ان کی ادب،سماج اور ثقافت کے حوالے سے گران قدر خدمات کو زبردست سراہنا کی ہے ۔
فاونڈیشن کے ایک تعیزیتی اجلاس میں فاروق نازکی کی جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی اور ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ مٖحفل بہار ادب شاہورہ پلوامہ کے صدر حمید اللہ حمید،جنرل سیکرٹری رشید صدیقی اور دیگر ارکین نے فاروق نازکی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ان کی زبان و ادب کے تئیں خدمات کو سراہا ہے ۔
انہوں نے فاروق نازکی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نازکی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔سول سوسائٹی پلوامہ کے فعال رکن اور سماجی کارکن لطیف سیف اللہ نے فاروق نازکی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے ۔ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ نے بھی اپنے بیان میں فاروق نازکی کے انتقال پر رنج اور صدمے کا اظہار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔