’دفعہ 370کی منسوخی کے بعد کشمیر پُرامن‘

0
0

جموںوکشمیرکاریاست کا درجہ بھی بحال ہوگا :ڈاکٹر اندرابی
یواین آئی

سری نگر؍؍وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بدھ کے روز کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے وعدہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ واپس ملے گا اور اس پر عمل بھی ہوگا۔ان باتوں کا اظہار چیئرپرسن نے بارہ مولہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 370منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں امن قائم ہونے کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں پر اب پتھر نہیں بلکہ وہ اپنے مستقبل کی فکر میں لگے ہوئے ہیں۔وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب تھا کہ کشمیر کو امن کا گہوارا بنانا ہے اورپانچ اگست کے بعد یہ خواب پورا ہوا۔درخشاں اندرابی کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت امن و امان قائم ہے اور لوگ بھی آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں اس وقت خوشحالی کا دور دورہ ہے اور لوگ بھی موجودہ انتظامیہ کے کام کاج کو سراہا رہے ہیں۔ریاست کا درجہ دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں درخشاں اندرابی نے کہاکہ نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں اس کا وعدہ کیا ہے اور اس پر عملدرآمد بھی ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں چناو کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے اور جب بھی انتخابات کا اعلان ہوگا بھارتیہ جنتا پارٹی پوری طرح سے تیار ہے۔وقف چیئرپرسن کے مطابق پچھلے تیس برسوں کے دوران جموں وکشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے محض تین برسوں کے اندر اندر جموں وکشمیر میں حالات کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ان کے مطابق بھاجپا نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو تین سال امن کے دئے ہیں۔سرمایہ کاری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیئرپرسن نے کہاکہ ملک کی بہت ساری کمپنیاں یونین ٹریٹری میں سرمایہ کاری کی خاطر تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سے یہاں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔وقف بورڈ کی کارکردگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اندرابی نے کہاکہ نذر و نیاز کو درگاہوں اور خانقاہوں کی زیب و آرائش پر خرچ کیا جارہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا