اہل خانہ نے کی انصاف کی اپیل، کہا پولیس پوری تحقیق کرے
نزاکت احمد
درہال؍؍درہال کے علاقہ تھنہ منگ سے تعلق رکھنے والے محمد نثار ولد محمد میاں جو محکمہ جل شکتی میں ملازم تھے، سوموار کو تقریباًً ایک بجے بمقام کھوڑی والی اپنے فرائض منصبی انجام دینے کے لیے گئے تھے۔ گھر والوں سے مکمل رابطے میں تھے ،تاہم شام کے بعد انکا فون سویچ آف آنے لگا ۔وہیںگھر والوں نے دوست و احباب سے بذریعہ فون دریافت کیا تو کوئی خبر نہ ملی۔ بلاآخر آس پڑوس کے کچھ افراد پولیس کے ہمراہ ان کی تلاش کے لیے نکلے۔ رات بھر ڈھونڈنے کے باوجود بھی کسی بھی طرح کا رابطہ نہیں ہوسکا۔ وہیںصبح دوبارہ جب ایس ایچ و درہال و علاقے کے کچھ لوگ وہاں کھوڑی والی علاقے میں پہنچے تو وہاں انہیں پر اسرار حالت میں محمد نثار کی لاش ملی۔دریں اثناء لاش کو سب ضلع اسپتال درہال لایا گیا وہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔اس ضمن میں پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔اس سلسلے میں لواحقین نے انتظامیہ سے انصاف کی گوہار لگاتے ہوئے اس معاملہ گہرائی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔یاد رہے درہال کے لوگوں نے کافی دیر تک سڑک بند کرکے انتظامیہ سے انصاف کی گوہار لگائی ہے جہاںپولیس و سول انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پولیس جلدی معاملے کی کاروائی شروع کرے گی۔