کور کمانڈر نے اگلی چوکیوں کا دورہ کرکے فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا
یواین آئی
جموں؍؍جموں صوبے میں ہائی الرٹ کے بیچ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے منگل کے روز اکھنور میں سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں پر آفیسران کے ساتھ سیکورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔معلوم ہوا ہے کہ کو رکمانڈر نے اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کیا۔اطلاعات کے مطابق 16کارپس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے منگل کے روز اکھنور میں بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیا اور وہاں پر فوجی آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ذرائع نے بتایا کہ کور کمانڈر نے فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور وہاں پر تعینات آفیسران نے اْنہیں بین الاقوامی کنٹرول لائن کی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔فوجی کمانڈر نے پالن والا سیکٹر میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اوروہاں پر تعینات آفیسران کے ساتھ سرحدی صورتحال پر ایک میٹنگ بھی کی۔دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے منگل کے روز بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیا۔فوج کے سینئر آفیسران نے جی او سی کو آپریشنل تیاریوں، سیکورٹی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور اندرونی سیکورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے اس دوران وہاں تعینات فیلڈ فارمیشن کمانڈروں اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔کور کمانڈر نے کہا :’ دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی‘۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ان کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا گیا جس دوران کئی دراندازوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔فوجی کمانڈر کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔بتادیں کہ گزشتہ دنوں ہی بالا کوٹ سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کے دوران دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ ملی ٹینٹ بین الاقوامی سرحد کے ذریعے اس طرف آنے کی کوشش کرسکتے ہیں جس کے پیش نظر سرحدوں پر فوج کو پوری طرح سے الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔