لازوال ویب ڈیسک
دبئی، // دبئی کے عالمی مشاعرے میں مشہور ہندوستانی شاعرہ فوزیہ رباب نے شرکت کی۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں شریک سامعین نے ان کے کلام کی غیرمعمولی پذیرائی کی یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق گوا سے تعلق رکھنے والی مشہور شاعرہ، معروف ادبی و تعلیمی تنظیم رباب فاؤنڈیشن کی بانی صدر فوزیہ رباب کی محبت اور سماجی حسیت سے بھرپور شاعری کو وہاں موجود سخن فہم سامعین نے داد و تحسین نواز۔ فوزیہ رباب گزشتہ دو برسوں سے اپنی تنظیم ’رباب فاؤنڈیشن‘ کے تحت اردو تعلیم کے حوالے سے مختلف آن لائن کورسز چلا رہی ہیں۔ رباب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اردو لرننگ کلاسز، شاعری آموزش، غالب کلاسز، میر کلاسز، مشق سخن اور ایڈوانس اردو کلاسز کے درجنوں بیچز مکمل ہوچکے ہیں۔ ان کلاسز سے ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ خلیجی ممالک، یوروپی ممالک، امریکہ اور کناڈا وغیرہ میں مقیم مختلف معزز پیشوں سے وابستہ افراد مستفید ہوتے ہیں۔
قدیم اور موقر ادبی تنظیم ’اپلاز ادب‘ کے زیرِ اہتمام اور مشہور بین الاقوامی کمپنی ایچ بی ایل اور شرف ایکسچینج کے اشتراک سے پی اے ڈی، دبئی میں اس پروقار عالمی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشاعرے کی شہرت یوں بھی ہوئی کہ سنہ ۰۹ کی دہائی کے بعد اپلاز ادب نے عالمی مشاعرے کی اس روایت کی ازسرِ نو شاندار بازیافت کی۔ مدتوں بعد دبئی کے صحرا کو اس مشاعرے نے ادب و تہذیب کے پھولوں سے رشک بہاراں کیا۔ اس مشاعرے کا سب سے متاثر کن وصف یہ تھا کہ اس نے اپنے وقار و معیار سے کوئی مفاہمت نہیں کی اور ہزاروں باذوق سامعین نے اس کو تہذیبی آداب کے ساتھ شوق سے سنا۔ یہ مشاعرہ عالمی شہرت یافتہ شاعر انور شعور کی صدارت اور معروف ناظم منصور عثمانی کی نظامت میں منعقد ہوا۔
اپلاز ادب کا یہ مشاعرہ شرف ایکسچینج کے سی ای او اور اپلاز ادب کے سربراہ عمادالملک کی کنوینرشپ میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ بپا ہوا، جس میں ایچ بی ایل کے سربراہ برائے ترسیلاتِ حکمت عملی خاقان محمد خان، پی پی پی کے چیئرمین میاں منیر بنس، سید اعجاز شاہین اور عاطف رئیس نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ساتھ ہی ’جشنِ اردو‘ کے روح رواں سید فرحان واسطی اور ’اندازِ بیاں اور‘ کے سربراہ ریحان صدیقی اور شازیہ قدوائی بھی اس میں شریک ہوئے۔ اس مشاعرے کے کامیاب انعقاد میں عمادالملک، محمد مدثر، مشتاق احمد، سید مسعود نقوی اور تابش زیدی وغیرہ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کا اہم کردار رہا۔
دبئی کے اس مشاعرے میں فوزیہ رباب کے علاوہ جن مشہور شعرا نے شرکت کی ان میں فرحت عباس شاہ، منظر بھوپالی، طارق قمر، اقبال اشہر، راجیش ریڈی، ندیم بھابھہ، محشر آفریدی، پاپولر میرٹھی اور ظہیر مشتاق رانا قابلِ ذکر ہیں۔ اس تقریب کی دیگر کارروائیوں کی نظامت کے فرائض ترنم احمد نے بحسن و خوبی انجام دیے۔