انواروتجلیات کا درخشاں ماحول بغیر نسخہ کیمیاء و مشعل ہدایت ناممکن وناگزیر ہے ادارہ کا نظم ونسق قابل فخر ولائق تحسین ہے : علماء کرام
منظور حسین قادری
سرنکوٹ؍؍خطہ پیرپنچال میں عمدۃ الصالحین سراج السالکین راحت العاشقین الحاج میاں نظام الدین لاروی کے اسم گرامی سے منسوب قوم وملت کا شاہکار گہوارہ علم وعرفان ادارہ دارالعلوم نظامیہ فیض العلوم دہڑہ موڑہ روز افزوں ترقی پذیر راہوں پر گامزن ہے جس کا راز نگرانِ ادارہ کی بے لوث خدمات احباب کے مخلصانہ جذبات اساتذہ کے ہمدردانہ احساسات پر مبنی آموزشگاہ تجسس علمی میں ذہین وفہیم طلبہ کے انمول لمحات ہیں جو رب لم یزل کی عطا محبوب کردگار کی رحمت بھری نگاہ سلف صالحین بزرگان دین کے القا کا مظہر ہے ۔
قدرت کا کرشمہ کہ ضلع پونچھ سب ڈویژن سرنکوٹ کے مضافات میں واقع دارالعلوم نظامیہ فیض العلوم پچھلے دو برسوں سے مسلسل قوم وملت کو حفاظ وقراء جیسا عظیم تحفہ پیش کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ رواں برس تعلیمی سال کے اوئل میں ہی ادارہ کے کمسن ہونہار طالب علم حافظ ایاز احمد ابن نصردین موضع دندی دہڑہ سرنکوٹ نے تکمیل حفظ کا اعزاز اپنے نام کرلیا جس کے سلسلہ میں زیر صدارت مولانا قاری منظور حسین قادری پرنسپل وامام وخطیب دارالعلوم نظامیہ فیض العلوم جامع مسجد بلال دہڑہ موڑہ اور زیر نظامت مولانا حافظ عبدالرشید مصباحی ناظم اعلیٰ دارالعلوم نظامیہ فیض العلوم دہڑہ موڑہ ایک تہنیتی ودعائیہ نشت منعقد ہوئی جس میں فخرالقراء قاری وارث حسین رضوی صدرالمدرسین مدرسہ فیضان اولیاء تکییہ شریف بانڈی چیچیاں حویلی پونچھ مہمان خصوصی جبکہ مولانا عبدالرشید علیمی امام وخطیب مرکزی غوثیہ جامع مسجد بفلیاز حافظ محمد نصیر علیمی ناظم اعلیٰ دارالعلوم اسلامیہ قادریہ بفلیاز مولانا محمد ربانی نقشبندی دہڑہ موڑہ مولانا محمد ایوب نقشبندی دہڑہ موڑہ حافظ ظہوراحمد قادری امام وخطیب نظامیہ جامع مسجد بھونی کھیت حافظ خالد حسین عباسی شاہپور مہمانان ذی وقار کے طور شامل ہوئے ۔
اس موقع پر الحاج وزیر محمد چوہدری مختار احمد چوہدری عبدالقیوم چوہدری سرفرازاحمد بھی موجود تھے ۔علماء کرام نے دارالعلوم نظامیہ فیض العلوم دہڑہ موڑہ کے معاونین کے بھرپور تعاون کی سراہانہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دور انحطاط میں یہ وہ واحد دینی ادارہ ہے جو دیگر ادارہ جات کی طرح علاقائی عوام کی رہنمائی وترجمانی کر رہا ہے جو مرحومین سیٹھ الحاج ولی محمد چوہدری سیٹھ الحاج لعل محمد چوہدری سیٹھ الحاج وزیر محمد چوہدری مع احباب کی کدوکاوش سے معرض وجود میں آیا اور تاہنوز دینی خدمات پیش کررہا ہے۔ واضح رہے سیٹھ برادران کے حسن سلوک اور معززین علاقہ کے انحصار پر ادارہ تعلیمی وتدریسی سرگرمیاں بحسن وخوبی انجام دے رہا ہے۔