خواتین کے لئے ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں مفت سفر

0
0

یواین آئی

نئی دہلی؍؍دہلی حکومت نے خواتین کو بھائی دوج کے موقع پر منگل سے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی ) اور کلسٹر بسوں میں ‘مفت سفر’ کا تحفہ دیا ہے اور یہ اسکیم آئندہ برس مارچ تک عمل میں رہی گی ، ساتھ ہی ان کے تحفظ کے لئے بسوں میں 13 ہزار مارشل بھی تعینات رہیں گے ۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گزشتہ روز اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 29 اکتوبر یعنی بھائی دوج سے ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکیں گی ۔ مسٹر کیجریوال نے بتایا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے دہلی حکومت بسوں میں 13 ہزار مارشل کی تعیناتی بھی عمل میں لائے گی ۔ ان مارشل کی بھرتی کی جا چکی ہے ۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں سفر کرنے والے کل مسافروں میں ایک تہائی خواتین ہوتی ہیں اور حکومت کے اس فیصلے سے ان سبھی کو فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کو بسوں میں مفت سفر کے لئے گلابی رنگ کا ‘سنگل سفر ’ پاس لینا ہوگا ۔ یہ پاس بس کنڈیکٹر سے ہی مل جائے گا ۔ خواتین مسافر کو پاس کے لئے کوئی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی ۔ یہ پاس دہلی اور قومی دارالحکومت علاقہ (این سی آر) میں چلنے والی ڈی ٹی سی کی ایئر کنڈیشن اور غیر ایئر کنڈیشن بسوں کے علاوہ کلسٹر بسوں میں بھی منظور ہوں گے ۔وزیر اعلی نے بتایا کہ بس میں مفت سفر کے لئے خواتین کا دہلی کا شہری ہونا بھی ضروری نہیں ہے ۔ یہ اسکیم فی الحال آئندہ برس مارچ تک نافذ کی گئی ہے ۔ خواتین مسافروں کو مفت میں سفر کے لئے ڈی ٹی سی کو خسارہ نہیں ہو سکے اس کے لئے دہلی حکومت اس پاس کے بدلے میں 10 روپے کی ادائیگی کرے گی ۔ اسکیم کے تحت روزانہ 10 لاکھ گلابی پاس جاری کئے جائیں گے ۔ ڈی ٹی سی کے بیڑے میں تقریبا 3800 بسیں ہیں جبکہ کلسٹر سروس کے تحت 1600 سے زائد چل رہی ہیں ۔ ڈی ٹی سی میں روزانہ اوسطا 31 لاکھ اور کلسٹر بسوں میں 12 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں جن میں سے تقریبا ایک تہائی خواتین ہیں ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا