جموں وکشمیر چار برسوں سے خوشحالی، ترقی اور ہم آہنگی کی راہ پر گامزن:آر آر بھٹناگر
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ جموں و کشمیر نے گذشتہ چار برسوں کے دوران ایک نئے دور کا مشاہدہ کیا جو ہم آہنگی، ترقی اور خوشحالی سے عبارت ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں نئے کاروباری اداروں اور زرعی شعبے کے قیام میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں ترنگا لہرانے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر گذشتہ چار برسوں سے امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘ جموں وکشمیر میں نئے کاروباری اداروں اور زرعی شعبے کے قیام میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے یہاں کے گائوں ترقی کر رہے ہیں اور ضروری انفراسٹریکچر کو بڑھایا جا رہا ہے’۔جموں وکشمیر میں ہو رہے ترقیاتی کاموں کا خاکہ کھینچتے ہوئے مسٹر بھٹناگر نے شعبہ صحت کی دیکھ بھال میں 7000 کروڑ روپیے کے پروجیکٹوں کے نفاذ ہر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا جموں میں اے آئی آئی ایم ایس کی تعمیر کا کام اسی برس مکمل ہوگا جبکہ کشمیر کے اے آئی آئی ایم ایس کی تکمیل سال 2025 میں مکمل ہوگی۔موصوف مشیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 7 میڈیکل کالج اور 15 نرسنگ انسٹی ٹیٹ پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر بالخصوص ‘امرت کال’ کے دوران زندگی کے تمام شعبوں میں ہمہ گیر ترقی کر رہا ہے۔مسٹر بھٹناگر نے زور دے کر کہا کہ یہ خطہ خوف اور بد عنوانی سے پاک ماحول میں تبدیل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کا انعقاد نئے جموں وکشمیر کے ابھرنے کا ثبوت ہے۔