شہزاد پور کوٹھی میں بٹوال سبھا کا اہم اجلاس منعقد، طبقہ کی جانب خصوصی توجہ کی اپیل
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر بٹوال سبھا کی جنرل باڈی کا ایک اجلاس آج یہاں شہزاد پور کوٹھی میں منعقد ہوا، جس میں مختلف گوشوں سے تعلق رکھنے والے بٹوال برادری کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس میٹنگ میں بٹوال برادری کی موجودہ قابل رحم صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت نے بٹوال برادری کو نظر انداز کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کوئی ٹھوس کام نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ بٹوال برادری کی جانب سے 20 جولائی 2022 کو جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر کے سیکرٹریٹ میں بھیجے گئے میمورنڈم کا بھی آج تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو ہدایت دیں کہ وہ سب سے غریب اور پسماندہ بٹوالوں کی طرف توجہ دے اور ان کے لیے ایک ‘معاشی-کم-روزگار پیکج’ منظور کرے تاکہ وہ اپنے معیار زندگی کو بہتر لرسکیں اور دوسرے ترقی یافتہ لوگوں کی طرح باوقار زندگی گزار سکیں۔