ایم ایس پی قانون بنانے سے حکومت کا انکار کسانوں کے ساتھ دھوکہ : کانگریس
یواین آئی
نئی دہلیکانگریس نے کہا کہ وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے پارلیمنٹ میں کسانوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) قانون نہ بنانے کا اعلان کردیا ہے اور یہ کسانوں کے ساتھ مودی حکومت کی بڑی دھوکہ دہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاو ¿س کے احاطے میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے لیے ایم ایس پی قانون نہیں بنا رہی ہے اور مسٹر چوہان نے اس کا واضح طور پر پارلیمنٹ میں اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اسے بی جے پی کی کسان مخالف ذہنیت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ ذہنیت آج ایوان میں اس وقت دیکھنے میں آئی جب وزیر زراعت نے کسانوں کے لیے ایم ایس پی قانون بنانے سے صاف انکار کردیا۔ یہ وہی وزیر زراعت ہیں جنہوں نے مندرسور میں کسانوں کے خون سے ہولی کھیلی تھی۔کانگریس لیڈر نے آج کا دن کسانوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے کسانوں کے لیے ایم ایس پی قانون بنانے سے صاف انکار کر کے ملک کے خوراک فراہم کرنے والوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی ہے اور جس نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے وہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے حقوق کے لئے سڑکوں سے لے کر پارلیمنٹ تک لڑے گی اور انہیں ان کے حقوق دلائے گی۔
انہوں نے کہا، ”آج کسانوں کے لیے سیاہ دن ہے کیونکہ حکومت نے ایم ایس پی قانون بنانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ آج پارلیمنٹ میں کسانوں اور مزدوروں کو دھوکہ ہوا ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے آج کا دن یوم سیاہ ہے“۔ وزیر زراعت نے واضح طور پر کہا ہے کہ کسانوں کے لیے ایم ایس پی قانون نہیں بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی آمدنی بڑھانے کی بات کہی تھی۔ حکومت نے کسانوں کے لیے جو کمیٹی بنائی تھی اس نے دو سال میں کچھ نہیں کیا۔ کسان اس حکومت کو معاف نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم کی اگنی ویر یوجنا سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب 18 سال کی عمر میں فوج میں شامل ہونے والا فوجی چار سال میں فوج سے باہر ہو جائے گا اور 22 سال کے نوجوان کو فوج میں شامل ہونے کے قابل نہیں سمجھ کر اسے باہر کا راستہ دکھایا جائے گا تو پھر کیسے ملک کی فوج جوان ہوسکتی ہے۔بجٹ میں دفاعی مختص سے متعلق سوال پر کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت نے دفاعی بجٹ میں کمی کرکے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن حکومت جواب دینے کے بجائے دفاعی بجٹ میں کٹوتی کر رہی ہے۔ بجٹ 17 فیصد سے کم کرکے 13 فیصد کردیا گیا ہے جو ملکی دفاع سے کھلواڑ ہے۔