اپنی پارٹی کے صوبائی صدر جمو ںنے سانبہ میں ترقیاتی کاموں کی بحالی کا مطالبہ کیا
لازوال ڈیسک
وجے پور؍؍ ترقی کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے صوبائی صدر جموں اور سابق وزیر ایس منجیت سنگھ نے ضلع سانبہ میں ترقیاتی کاموں کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔وہیںسابق وزیر ایس منجیت سنگھ کی قیادت میں وجے پور میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں پارٹی لیڈران، اور سرکردہ لوگوں نے شرکت کی۔اس میٹنگ کے دوران، پارٹی رہنماؤں نے جموں و کشمیر میں عوامی تحفظات کے سلسلے میں نوکر شاہی کے ذریعے چلائی جا رہی غیر مقبول حکومت کے بارے میں بات چیت کی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل بڑی حد تک حل طلب رہے ہیں جن پر حکام کی فوری توجہ کی ضرورت ہے جس میں پسماندگی، بے روزگاری، اور مختلف علاقوں میں فنڈز کی غیر جانبدارانہ تقسیم کے بڑھتے ہوئے خدشات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکام عوام کے ساتھ انصاف کرنے میں ناکام رہے ہیں اور عوام کی شکایات حل نہیں ہو رہی ہیں جس سے منتخب حکومت کے بغیر احساس محرومی جنم لے رہا ہے۔مسائل کی بڑھتی ہوئی پیچیدگی کو حل کرنے کے لیے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے ساتھ ساتھ پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہے جبکہ بیوروکریسی کا عوام کے تئیں کوئی جوابدہی نہیں ہے جس نے جموں و کشمیر میں پچھلے کئی سالوں سے مسائل پیدا کیے ہیں۔