دارالعلوم محمودیہ مینڈھر نے اہل خانہ سے کیا تعزیت مسنونہ کا اظہار
نمائندہ لازوال
مینڈھر؍؍ اس دنیا میں آنے والے ہر انسان کو ایک دن دنیا سے جانا ہے، لیکن کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں کہ جن کے جانے سے صرف اہل خانہ ہی نہیں بلکہ پوری فضا سوگوار ہوجاتی ہے، خاص طور پر وہ لوگ جنہوں نے اپنا شب و روز توحید و سنت کے نور کو پھیلانے میں وقف کیا ہوا ہوتا ہے، ایسے ہی لوگوں میں سے ایک حاجی فضل حسین ہیں جو جموں کشمیر کی عظیم علمی دانشگاہ جامعہ ضیائ العلوم پونچھ کے روز اول سے ہی بانی جامعہ حضرت مولانا غلام قادر حفظہ اللہ کے معتمدِ خاص اور ایک بہترین رفیق سفر بن کر شانہ بشانہ ساتھ کھڑے رہے، ان خیالات کا اظہار مدرسہ دارالعلوم محمودیہ مینڈھر کے بانی و مہتمم مولانا فتح محمد نے کالا بن کی ایک سماجی شخصیت جناب حاجی فضل حسین نور اللہ مرقدہ کی نماز جنازہ کی قیادت کرتے ہوئے فرمایا۔ مولانا فتح محمد نے مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں اجاگر کیا، بالخصوص مدارس اسلامیہ اور علم و علماء و دینداروں کے ساتھ ان کی گہری وابستگی کا نمناک آنکھوں سے تذکرہ کیا۔ مرحوم محکمہ پولیس سے سبکدوش تھے اور بہترین انسانی و اخلاقی اوصاف کے مالک تھے صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے، مرحوم کی نماز جنازہ 23/جنوری/2024ء کو حکیم موڑ مینڈھر میں ادا کی گئی نماز جنازہ کی امامت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن، تنظیم علمائے اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ کے سرپرست اعلیٰ، جامعہ ضیاء العلوم و جامعۃ الطیبات پونچھ کے بانی حضرت مولانا غلام قادر دامت برکاتہم نے کی۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں علمی ادبی سیاسی سماجی شخصیات نے شرکت کی جیسے کہ قاری صدیق احمد مہتمم مدرسہ انوار القرآن کنوئیاں پونچھ، مولانا غلام محی الدین امام و خطیب جامع مسجد یوسف منکوٹ، مفتی طارق محمود امام و خطیب جامع مسجد امام ابوحنیفہ اڑی، سابق ایم ایل اے مینڈھر چوہدری جاوید احمد رانا، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین چوہدری اشفاق احمد، ریٹائرڈ زیڈ ای او صادق، بی ایم او مینڈھر چوہدری اشفاق، مولوی افضل خان اڑی، مولوی عبدالرشید، پریزیڈنٹ ٹیچر ایسوسیشن چوہدری شفیق، پریزیڈنٹ پٹوار ایسوسیشن، پی ڈی پی لیڈر جاوید اقبال چوہدری، سینئیر پی ڈی پی لیڈر ایڈوکیٹ معروف خان۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات؛ پنچ، سرپنچ، سول سوسائٹی، مختلف اداروں کے نمائندگان، مختلف شعبہ جات کے آفیسران اور صحافی برادری جنازے کی نماز میں شریک ہوئے۔ اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔ اس غم ناک موقع پر اہل خانہ سے دارالعلوم محمودیہ مینڈھر کے جملہ اراکین نے تعزیتی کلمات کہے، اللہ پاک اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔