جیلوں میں بند پڑے دہشت گردوں اور سنگبازوں کو رہا کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا :وزیر داخلہ امت شاہ

0
0

لازوال ویب ڈیسک

جموں//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں کسی پتھر باز یا دہشت گرد کو رہا نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاکستان کے ساتھ مذاکرات بھی نہیں ہونگے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے انتخانی منشوروں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں جموں وکشمیر میں پرانے سسٹم کو واپس لانا چاہتی ہیں۔ان باتوں کا اظہار وزیر داخلہ نے نوشہرہ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔

https://amitshah.co.in/

امیت شاہ نے کہا کہ این سی کانگریس اتحاد نے اپنے الیکشن منشور میں جیلوں میں بند پڑے دہشت گردوں اور پتھر بازوں کو رہا کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ فاروق عبداللہ جموں کے پہاڑی علاقوں میں دہشت گردی کی احیا ءکی باتیں کررہا ہے لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مودی جی کی حکومت میں دہشت گردی کو زمین کے اندر دفن کرکے ہی دم لیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سنگبازوں اور دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

 

 

 

 

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا :’نیشنل کانفرنس اور کانگریس پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی وکالت کر رہی ہیں۔ ‘ امیت شاہ نے کہا :’میں فاروق عبداللہ اور راہول گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔‘انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے تاہم پاکستان کے ساتھ نہیں۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ کئی دہائیوں تک جموں کے سرحدی علاقوں میں ڈر اور خوف کا ماحول تھا لیکن مودی جی کی سربراہی میں موجودہ حکومت نے لوگوں کو پر امن ماحول فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ اب سرحدی علاقوں میں زیر زمین بینکروں کی ضرورت نہیں کیونکہ سرحد کے اس پار کسی کو اب گولی چلانے کا اختیار نہیں رہاہے۔ان کے مطابق اگر پاکستان کی طرف سے گولی چلائی جاتی ہے تو اس کا جواب ہم گولہ باری سے دیں گے۔انہوں نے ریزرویشن پر این سی-کانگریس قائدین کے ریمارکس پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کسی کو بھی پہاڑیوں، گوجروں، دلتوں، دیگر پسماندہ طبقات کو دیئے گئے ریزرویشن کو چھونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔امیت شاہ نے کہا :’راہول گاندھی امریکہ میں کہہ رہے ہیں کہ ریزرویشن کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر داخلہ نے کانگریس – نیشنل کانفرنس الائنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: ‘اس الائنس نے جموں و کشمیر میں ہمیشہ دہشت گردی اور علاحدگی پسندی کے لئے بنیاد فراہم کی ہے’۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک مرکز میں نریندر مودی کی حکومت ہے تب تک کوئی بھی طاقت گجر اور پہاڑی طبقوں کی ریزرویشن کو واپس نہیں لے سکتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘دو آئینوں، دو جھنڈوں کو واپس لانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ الیکشن دو طاقتوں کے درمیان ہیں ایک طرف نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ہے اور دوسری طرف بی جے پی ہے۔

وزیر داخلہ نے اپنے ورکروں کو نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کو ووٹ ڈالنے سے احتراز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘ان جماعتوں کو کبھی بھی ووٹ نہیں ڈالنا کیونکہ یہ جماعتیں جموں وکشمیر میں دہشت گردی، علاحدگی پسندی اور سنگ بازی کے دور کو واپس لانا چاہتی ہیں،یہ جماعتیں دہشت گردوں کے رہنماﺅں کی رہائی چاہتی ہیں اور ان لوگوں کی رہائی چاہتی ہیں جنہوں نے سنگ بازی کے فروغ کے لئے پیسے خرچ کئے’۔

وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں کہا: ‘میں صاف کرنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی پوری طاقت کے ساتھ ان انتخابات میں کود پڑی ہے اور ہمیں پوری امید ہیں کہ اس بار بی جے پی اپنے بل بوتے پر جموں وکشمیر میں حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔‘

http://lazawal.com

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا