یو این آئی
چنئی// ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ جو رنجی ٹرافی میں چوٹ سے ٹھیک ہونے کے تقریباً چھ ماہ بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی کر رہے ہیں، منگل کو تمل ناڈو کے خلاف ایلیٹ گروپ-بی کے میچ میں کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں چار روزہ میچ کے پہلے دن تمل ناڈو نے سوراشٹرا کے خلاف پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 183 رن بنائے۔ اوپنر سائی سدرشن اور بابا اپراجیت 45-45 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ بابا اندراجیت 45 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سوراشٹرا کی جانب سے چراغہ جانی نے دو جبکہ یوراج سنگھ ڈوڈیا اور دھرمیندر سنگھ جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ رویندر جڈیجہ نے آج 17 اوور کرائے اور دو میڈن اوور کے ساتھ 36 رن دیے، حالانکہ وہ کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ شاندار فیلڈر جڈیجہ گزشتہ سال اگست میں ایشیا کپ کے دوران انجری کے بعد بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ریہیب سے گزر رہے تھے۔ ہندوستان 9 فروری سے شروع ہونے والی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گا، جہاں جڈیجہ کی موجودگی ہندوستانی ٹیم کے لیے اہم ہوگی۔ این سی اے نے جڈیجہ کو میدان میں اتارنے کے لیے فٹ قرار دیا تھا، حالانکہ بی سی سی آئی نے انہیں بین الاقوامی اسٹیج پر لانے سے پہلے رنجی ٹرافی میں ان کی فٹنس کا جائزہ لینا بہتر سمجھا۔ کھیل کے میدان میں واپسی کے لیے پرجوش جڈیجہ نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ وہ میدان میں واپس آ کر اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی واپسی سے ٹیم کو فائدہ پہنچے گا، حالانکہ ان کی ترجیح یہ ہوگی کہ وہ اپنا 100 فیصد حصہ دیں اور میدان پر فٹ رہیں۔ جڈیجہ کی چنئی میں کارکردگی ان کے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے دعوے کو مستحکم کرنے میں مدد دے گی۔ جڈیجہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 60 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 36.57 کی اوسط سے 2523 رن بنائے ہیں جب کہ بالر کے طور پر انہوں نے 24.71 کی اوسط سے 242 وکٹ حاصل کیے ہیں۔