جموں ریجن کے تحت 31 امتحانی مراکز قائم کیے گئے،طلباء ہال ٹکٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍یونیورسٹی کی طرف سے پیش کردہ مختلف تعلیمی پروگراموں کے لیے اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے جون 2024 کے ٹرم اینڈ امتحانات 7 جون 2024 سے جموں صوبہ سمیت پورے ملک میں شروع ہو رہے ہیں۔واضح رہے یہ امتحانات 15 جولائی 2024 کو ختم ہوں گے۔وہیںجموں ریجن کے تحت 31 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں تین امتحانی مراکز ڈسٹرکٹ جیل امبفلہ، ڈسٹرکٹ جیل ادھم پور اور سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں میں خصوصی طور پر جیل کے قیدیوں کے لیے ہیں اور شمالی کمان ادھم پور میں ایک امتحانی مرکز خصوصی طور پر فوجی اہلکاروں کے لیے ہے۔
واضح رہے ریجنل سنٹر جموں کے تحت کل 32,000 اہل طلباء نے اپنے امتحانی فارم بھرے ہیں جو پورے امتحانات کے دوران تقریباً 1,90,000 نشستوں میں امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔ وہیںامتحانات ہر کام کے دن دو سیشنز میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ صبح کا سیشن صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک اور شام کا سیشن دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔یاد رہے اتوار اور کسی بھی سرکاری تعطیلات کے دن کوئی امتحان نہیں ہوگا۔ دریں اثناء طلباء ہال ٹکٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔طلباء کے پاس امتحان کے دوران یونیورسٹی/حکومت کی طرف سے جاری کردہ درست تصویری شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ امتحانی ہالوں کے اندر موبائل فون اور کوئی دوسرا الیکٹرانک گیجٹ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔
اس سلسلے میںعلاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے پرکاش ورما نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے امتحانی مراکز پر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کرنے کے لیے ہمیشہ مہربان اور تعاون کا مظاہرہ کرتی رہی ہے اور پوسٹل حکام ہمیشہ ہمارے امتحانی مراکز سے سیل شدہ پارسلوں کو قبول کرنے میں تعاون کرتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ، محکمہ ہائر ایجوکیشن، انتظامیہ اور آر سی کے عملے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز اور فیلڈ فنکشنز کے تعاون سے پورے خطے میں منصفانہ اور ہموار ٹرم اینڈ امتحانات کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔