دیگر نعمتوں کی طرح قدرت نے ہمیں اس دنیا میں جنگلات ،باغات اور درختوں کی نعمت سے بھی نوازا ہے، جنگلات کی اہمیت سے نہ پرانے زمانے میں کسی نے انکار کیا ہے اور نہ موجودہ دور میں کوئی انکار کر سکتا ہے،ہر شخص اس کے فائدے سے خوب واقف ہے،دنیا میں آج کل جنگلات کے بغیر ترقی کا خواب بھی ادھورا ہے،کسی بھی ملک کی ترقی اور صاف ستھرے ماحول کے لئے اس ملک کے کل رقبے کے پچیس سے تیس فیصد حصے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے،اگر ہم دیکھیں تو دنیا میں ان ممالک نے زیادہ ترقی کی ہے، جہاں پر جنگلات کا رقبہ زیادہ ہے،اگر موجودہ وقت میں دیکھا جائے ،تو دنیا کے مختلف ممالک میں جنگلات کا رقبہ مختلف ہے اوراسی سے ان ملکوں کی ترقی کا تناسب پتا چلتاہے۔جنگلات کے فوائد بے شمار ہیں۔ جنگلات کی لکڑی کا استعمال تعمیرات میں بہت ہوتا ہے اور وہ تعمیرات دنیا میں قیمتی ہوتی ہیں ،جن میں لکڑی کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہو، اس سے صاف ظاہر ہے کہ تعمیرات میں اس کی کتنی اہمیت ہے،اس کے ساتھ ساتھ ہم اس کو جلانے کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں لیکن مذکورہ دونوں فائدوں کے بغیر بھی انسان زندگی گزار سکتا ہے اور اس کے دوسرے متبادل کواستعمال کر سکتا ہے کیوں کہ درختوں کاہونا یہ انسانی زندگی اورصحت مند انسانی معاشرے کے لیے نہایت ضروری ہے،جن ملکوں میں درختوں کے لگانے،ان کی حفاظت کرنے کااہتمام کیاجاتاہے،وہاں کی آب و ہوا نہایت شفاف اور صحت بخش ہوتی ہے ،وہاں کے باشندے بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں اور انسانی آبادی خوشحالی و سکون کی زندگی بسر کرتی ہے۔ اس وقت جس خطرے سے دنیا دنیا زیادہ تر پریشان ہے اور دنیا کو اس کا سامنا ہے ، وہ ہے ماحولیا تی آلودگی جس سے پوری دنیا مت?ثر ہو رہی ہے اور وہ خطے زیادہ اس کی لپیٹ میں ہیں، جہاں جنگلات اور درختوں کی کمی ہے ،ماحولیا تی تبدیلی کی روک تھام میں جو واحد چیز اپنا مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے، وہ زیادہ مقدار میں جنگلات اور درختوں کالگاناہے۔ جنگلات ہی واحد ذریعہ ہے، جو زہریلی گیسوں کو جذب کرتا ہے اور اس کی جگہ آکسیجن کا اخراج کرتا ہے، جو جانداروں کی زندگی کا لازمی جز ہے ،اس کے ساتھ ساتھ جہاں پر جنگلات زیادہ ہوں ،وہاں بارشیں بھی مقررہ مقدار میں ہوتی ہیں اور موسم خوشگوار رہتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سیلاب کے دوران زمین کو کٹاؤ سے بچاتی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی پرقابو پانے کے لئے جنگلات کی بقا اور اس کی حفاظت نا گزیر ہو چکی ہے،شجر کاری میں اضافہ کیا جانا چاہئے کیونکہ جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے عالمی حدت میں روز بروز خطرناک اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اس لئے ماحولیات کے ماہرین نے ماحول میں ہونے والی منفی تبدیلیوں کے تحفظ کے لئے جن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے ،ان میں سب سے اہم یہ ہے کہ جس قدر ممکن ہو شجر کاری کی جائے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ یہاں ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ جنگلات کے تحفظ میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا جائے۔ اگر اس وقت بھی ہم نے جنگلات کے تحفظ کیلئے اقدامات نہ کیے تو مستقبل کی نسلیں اس کا سخت خمیازہ بھگتیں گی۔ ہمیں ہر ممکن جنگلات کے تحفظ کیلئے کوشاں رہنا چاہئے۔