تما م تجارتی و کار باری سرگرمیاں شروع، پلوامہ اور شوپیان میں ہائی اسپیڈ انٹر نیٹ بھی بحال
سی این آئی
- سرینگر؍؍شہری ہلاکتوں کے خلاف مسلسل 12روز تک تعزیتی ہڑتال کے بعد سوموار کو ضلع شوپیان میں زندگی معمول پر آگئی جبکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے سے بازاروں میں غیر معمولی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ اسی دوران ضلع پلوامہ اور شوپیان میں 12دنوں کے بعد ہائی اسپیڈ موبائیل انٹرنیٹ سروس دوبارہ بحال ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق فورسز فائرنگ کے نتیجے میں نوجوانوں کی ہلاکت او ر خونین جھڑپ کے دوران دو مقامی جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کے بعد جنوبی ضلع شوپیان میں 12روزہ تعزیتی ہڑتال کے بعد سوموار کو معمول کی زندگی دوبارہ معمول پر آئی ۔ سوموار کو ضلع میںدوبارہ معمو لات دوبارہ بحال ہوئے اور کاروباری اور ٹرانسپورٹ سرگرمیاں شروع ہوئیں جبکہ حکام نے دوران شب ہی پولیس او فورسز کی تعیناتی ہٹادی تھی۔نمائندے کے مطابق 12روز ہ ہڑتال کے بعد دکانیں اور کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ سکول اور سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں معمول میں سرگرمیاں شروع ہوئیں اور ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگئی۔ اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بازاروں کا رْخ کیا اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کی جس کے نتیجے میں اہم بازاروں میں لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ اور چہل پہل نظر آئی۔اسی دوران جنوبی ضلع پلوامہ اور شوپیان میں ہائی اسپیڈ موبائیل انٹرنیٹ خدما ت بھی بارہ روزہ طویل وقفے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے گزشتہ ماہ چھی گنڈ نامی علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین خونین معرکہ آرائی شروع ہونے کے ساتھ ہی ضلع پلوامہ اور شوپیان میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کی گئی تھی ۔بتایا جاتا ہے کہ اتوار کو قریب 11روز بعد اگرچہ ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ خدمات بحال کی گئی تاہم اس کی اسپیڈ 2Gتک ہی محدو رکھی گئی تھی جس کے بعد سوموار کی صبح دونوں اضلاع شوپیان او رپلوامہ میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ خدمات دوبارہ بحال کی گئی ۔ادھر ہائی اسپیڈ انٹر نیٹ سروس دونوں اضلاع میں بحال ہونے کے ساتھ ہی سینکڑوں موبائیل صارفین نے راحت کی سانس لی ۔