گیانا، 18 اگست (یو این آئی) کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 40 رن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی۔
دوسری اننگز میں 263 رن کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو جنوبی افریقی بالرز کیشو مہاراج اور کاگیسو ربادا نے 222 رن پر ڈھیر کرکے اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے سب سے زیادہ 45 رن بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ربادا نے جلد ہی مائیکل لوئس (4) کو پویلین بھیج دیا۔ اسی طرح ایک وقت میں ویسٹ انڈیز 104 کے اسکور پر چھ وکٹ گنوا چکا تھا۔ کپتان کریگ براتھویٹ (25)، کیسی کارٹی (17)، کیویم ہوج (29)، ایلک اتھاناز (15) اور جیسن ہولڈر (0) پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد جوشوا دا سلوا (27) اور گڈاکیش موتی (45) نے ساتویں وکٹ کے لیے 77 رن کی اہم شراکت داری کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔ لیکن 53ویں اوور میں کیشو مہاراج نے ایل بی وِنگ گڈاکیش موتی کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کی جیت کا راستہ آسان کر دیا۔ جومیل واریکن (25) 25 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ ویان مولڈر اور ڈین پیٹ نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ نے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹوں پر 223 رن سے شروع کی۔ پہلے ہی اوور میں جومیل واریکن نے مولڈر کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد جیڈن سیل اور واریکن نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو ڈھیر کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں کائل وارن (59)، ایڈن مارکرم (51)، ویان مولڈر (34)، ٹونی ڈی جارج (39) اور ٹرسٹن اسٹبس نے (24) رنوں کا تعاون دیا۔ چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ جیڈن سیلز نے 61 رن کے عوض چھ وکٹ حاصل کئے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 246 رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 263 رن کا ہدف ملا۔ گڈاکیش موتی اور جومیل واریکن نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔