ٖڈویژنل کمشنر نے ایئرپورٹ اتھارٹی کو کام شروع کرنے کی ہدایت کی
لازوال ڈیسک
جموں// ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہوئے، جموں ہوائی اڈے کی توسیع سے متعلق تمام زمینی مسائل کو کامیابی کے ساتھ حل کر لیا گیا ہے۔ وہیں اس سلسلہ میںڈویژنل کمشنر، رمیش کمار نے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ایئرپورٹ اتھارٹی جموں کو طویل انتظار کے منصوبے کو شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ایئرپورٹ اتھارٹی کو مطلوبہ زمین کی اکثریت پہلے ہی فراہم کر دی گئی ہے۔ بیلیچرنا میں حیوانات کے چند ڈھانچے والی زمین زیر التوا تھی۔ ڈائرکٹر آف اینیمل ہسبنڈری نے اطلاع دی کہ زیر التوا زمین پر باقی ڈھانچے اب خالی پڑے ہیں، جس سے کام کو آسانی سے انجام دینے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔باوقار پراجیکٹ پر بغیر کسی رکاوٹ کے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے، ڈویژنل کمشنر نے حیوانات کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ باضابطہ طور پر بقیہ زمین ایئرپورٹ اتھارٹی کے حوالے کر دیں۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر جموں سچن کمار ویشیا، ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری شبھرا شرما اور ڈائریکٹر ایئرپورٹ ایس کے گرگ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔قبل ازیں، ڈویژژنل کمشنر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کی تاکہ سٹیمپ ڈیوٹی کی شرحوں پر نظرثانی کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح کی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کریں اور غیر منقولہ جائیداد کی نظرثانی شدہ اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈویژنل سطح کی کمیٹی کو تجاویز بھیجیں۔اس دوارن وی سی جے ڈی اے، ڈی سی سٹیمپس، ڈائریکٹر زراعت، چیف انجینئر اریگیشن کے علاوہ محکمہ جنگلات، ریونیو اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔