27فیصد ریزرویشن لاگو کرے سرکا،ر ورنہ کریں گے الیکشن بائیکاٹ: رشید شاہ پوری
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں او بی سی سماج کا ایک اجلاس کرشن چندر پارک پونچھ میں منعقد ہوا جس میں جموں کشمیر میں او بی سی سماج کو 8فیصد ریزرویشن دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی سرکار و جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس ریزرویشن کو جموں کشمیر کے او بی سی سماج کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی قرار دیا ہے۔
اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سماجی کارکن محمد رشید شاہپوری نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں او بی سی سماج کے ساتھ سب سے بڑی ناانصافی کی گئی ہے جہاں پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دیا گیا جو کہ ایک خوش آئند بات ہے تاہم او بی سی سماج جو انصاف کا منتظر تھا انکے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کی گئی اور انہیں مرکز میں 27 فیصد ریزرویشن دیا جارہا ہے لیکن جموں کشمیر میں انہیں صرف 8 فیصد ریزرویشن دینا قابلِ افسوس بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ 370 کی تنسیخ کے بعد کہا جارہا تھا کہ اب او بی سی سماج کے ساتھ انصاف ہوگا اور انہیں مرکز کی طرف 27 فیصد ریزرویشن ملے گی لیکن انہیں صرف 8 فیصد ریزرویشن دی گئی ہے جو ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے جموں کشمیر انتظامیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ وہ مرکز کی طرح 27 فیصد ریزرویشن او بی سی سماج کو لاگو کرے ورنہ یو ٹی سطح پر سخت احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور الیکشن کا بائیکاٹ بھی کیا جائے گا جس کی ساری ذمہ داری جموں کشمیر انتظامیہ کی ہوگی۔