جدید تکنیک سے لیس اس مشین سے صارفین کو بہت فائدہ ہوگا:شہزاد خان
سرفرازقادری
پونچھ؍؍جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے شہرِ خاص میں جموں کشمیر بینک کی مین برانچ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور اعلیٰ تکنیکی بینکنگ کی سہولیات سے لیس کیش ریسائکل مشین کا جموں کشمیر بینک کے ڈی جی ایم راجوری زون ستیش کمار نے میونسپل کونسل پونچھ کے چیئرمین سنیل شرما کے ہمراہ افتتاح کیا۔ اس دوران جموں کشمیر بینک کی مین برانچ پونچھ کی جانب سے بینک مینیجر دیپک بھان کی زیرِسرپرستی ایک خاص تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں میونسپل کونسل پونچھ کے چیئرمین ایڈوکیٹ سنیل شرما مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک رہے جبکہ بی جے پی کے سینئر لیڈر و پہاڑی مورچہ کے ضلع کنوینر شہزاد خان مہمانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر شہزاد خان نے جموں کشمیر بینک کی جانب سے سی آر ایم مشین انسٹال کرنے کی پہل کو سراہتے ہوئے بینک کے مینیجر دیپک بھان کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس طرح کی پہل کر وزیراعظم ہند نریندر مودی کے خواب ڈیجیٹل انڈیا کو شرمندہ تعبیر کیا ہے اور پونچھ کی عوام بالخصوص جموں کشمیر بینک کی مین برانچ کے صارفین کے لیے اس مشین کو بہت فائدہ مند بتایا ہے۔ ڈی جی ایم نے اپنے بیان میں کہا کہ پونچھ میں اس طرح کی جدید تکنیک سے لیس سات مشینیں لگنی ہیں جن میں سے پہلی مشین کا آج افتتاح کیا گیا ہے۔