پارٹی کارکنوں کے مسائل کئے سماعت اور انہیں متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ عام آدمی پارٹی کے جموں صوبائی نائب صدر امیت کپور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے صنعتی شعبے میں مقامی نوجوانوں کو ہنر مند اور غیر ہنر مند ملازمتوں میں ریزرویشن دی جانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات جموں کے مختلف علاقوں سے پارٹی کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہی جو پارٹی کے جانی پور دفتر میں ان سے ملنے آئے تھے۔ وہیںپارٹی کارکنوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے امیت کپور نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ترقی، روزگار اور دیگر چیزوں کے حوالے سے درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پارٹی کارکنوں نے ان کے سامنے مختلف مسائل اٹھائے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے مسائل تحمل سے سنے اور انہیں متعلقہ حکام تک اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران امیت کپور نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں غیر مقامی لوگوں کو ملازمت دی جارہی ہے جبکہ مقامی نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور صنعتی یونٹس کی انتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں کے لیے ملازمتوں، قدرتی وسائل اور زمین کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔