قبائلی برادریوں کے طلباء کو آئین ہند کے تحت ایس ٹی کو دستیاب تمام مراعات فراہم کی جائیں:ڈاکٹر شہزاد ملک
لازوال ڈیسک
مینڈھر//جموں و کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس ایک رجسٹرڈ تنظیم جو جموں و کشمیر کے سرحدی باشندوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے، نے جموں و کشمیر انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ شیڈول ٹرائب طلباء کے لیے اضافی ہاسٹل قائم کرے۔ جموں و کشمیر میں چونکہ گڈا برہمن، پہاڑی نسلی قبیلہ، کولی اور پڈاری برادری کو قبائلی برادریوں کی شیڈول لسٹ میں شامل کرنے کے بعد قبائلی طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میںتنظیم کے بانی ڈاکٹر شہزاد ملک نے کہاکہ آئین (جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر (ترمیمی) ایکٹ 2024 کے گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد اب جموں و کشمیر کی قبائلی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اس لیے یہ ضروری ہے کہ قبائلیوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ سہولیات میں بھی اضافہ کیا جائے ۔
بی اے ڈی سی کے چیئرمین اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد احمد ملک نے کہا کہ نیا تعلیمی سیشن 2024-25 چند ہفتے کے اندر شروع ہونے کو ہے لہٰذا جموں و کشمیر حکومت کو پہل کرنی چاہیے اور طلبہ کے لیے نئے ہاسٹل قائم کرنے چاہئے۔ڈاکٹر شہزاد نے ایل جی منوج سنہا اور جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو سے بھی گزارش کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حال ہی میں شامل قبائلی برادریوں کے طلباء کو آئین ہند کے تحت ایس ٹی کو دستیاب تمام مراعات فراہم کی جائیں۔ سابق وی سی نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ محکموں کی طرف سے ضروری ہدایات بغیر کسی تاخیر کے جاری کی جائیں تاکہ معصوم ایس ٹی طلباء کو تکلیف نہ ہو۔