کہاجموں و کشمیر کی تمام پارٹیوں کو مل کر جموں میں ہونے والے ملی ٹنٹ حملوں کی مذمت کرنی چاہئے
یواین آئی
سری نگر؍؍بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تمام پارٹیوں کو مل کر جموں میں ہونے والے ملی ٹنٹ حملوں کی مذمت کرنی چاہئے۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’90 کی دہائی میں یہاں جو ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے یہ سرکاروں کو سوچنا چاہئے لیکن سبھی پارٹیوں کو چاہئے خواہ وہ نیشنل کانفرنس ہے، پی ڈی پی ہے یا کوئی دوسری پارٹی ہے، کہ جموں میں ہونے والے ملی ٹنٹ حملوں کی مل کر مذمت کریں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ان پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث طاقتوں کو سخت وارننگ دیں’۔مسٹر کول نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں سے امن کا ماحول بنا ہوا ہے جس کو بگاڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا: ‘میری تمام پارٹیوں سے گذارش ہے کہ وہ اس چکر میں نہ پڑیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے بلکہ جو ذمہ دار ہے اس کو سیدھا نشانہ بنا کر کٹہرے میں کھڑا کیا جائے’۔اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہناتھا: ‘حالات جلد ٹھیک ہوں گے تو یہاں اسمبلی انتخابات بھی منعقد ہوں گے’۔موصوف لیڈر نے کہا کہ ہم میٹنگوں کے دوران اپنے کارکنوں کو چنائو کے لئے تیار کرتے ہیں۔