گھریلو ملازم مرکزی ملزم قرار،ملی ٹنسی کازاویہ فی الحال مسترد،مشتبہ ملزم یاسرلوہار گرفتار،جرم کیلئے استعمال شدہ ہتھیار برآمد
لازوال ڈیسک
جموں؍؍پولیس نے منگل کے روز کہا کہ جیلوں کے ڈائریکٹر جنرل ہیمنت کمار لوہیا کے قتل کی ابتدائی تحقیقات نے اس سنگین واقعے میں ملی ٹنسی کے زاویے کو مسترد کیا ہے۔پولیس نے کہاکہ اس نے ڈی جی جیل خانہ جات کے قتل میں مقتول ڈی جی کے گھریلوملازم کوبطور مرکزی ملزم کے نشاندہی کی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ1992بیچ کے سینئر آئی پی ایس افسرایچ کے لوہیا کی گلا کٹی ہوئی لاش پیرکو دیر رات جموں شہر میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔پولیس کے مطابق یہ واردات انجام دینے کے بعدملزم وہاں سے فرارہوگیا،اوراسکی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی جبکہ پولیس کے مطابق وہ تیز دھار والا ہتھیارمقتول ڈی جی پی جیل خانہ جات کی رہائش گاہ سے برآمد کیا گیا،جس سے سینئرپولیس افسر کوقتل کیاگیا۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے منگل کوکہاکہ مقتول ڈی جی جیل خانہ جات ایچ کے لوہیا پچھلے کچھ دنوں سے اپنے دوست کے گھر ٹھہرے ہوئے تھے۔انہوںنے کہاکہ پیر کو رات کا کھانا کھا کر وہ واپس اپنے کمرے میں چلے گئے۔ گھریلو ملازم کسی بیماری میں اس کی مدد کرنے کے بہانے اس کے کمرے کے اندر موجودتھا۔اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی ملزم کی شناخت مقتول ڈی جی جیل خانہ جات ایچ کے لوہیا کے گھریلو ملازم یاسر احمد کے طور پر کی گئی ہے جو رام بن کا رہائشی ہے۔جموں ڈویژن کے اعلیٰ پولیس اہلکار نے بیان میں کہاکہ جائے وقوعہ سے جمع کی گئی کچھ سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ ملزم کو اس جرم کو انجام دینے کے بعد بھاگتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ مبینہ مرکزی ملزم ڈی جی جیل خانہ جات کے گھر میں تقریباً 6ماہ سے کام کر رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ وہ یعنی مرکزی ملزم اپنے رویے میں کافی جارحانہ تھا اور ذہنی دباؤ کا شکار بھی تھا۔ اے ڈی جی پی مکیش سنگھ نے کہاکہ اب تک ابتدائی تفتیش کے مطابق کوئی (ملی ٹنسیی) فعل ظاہر نہیں آیاہے لیکن کسی بھی قسم کی کارروائی کو مسترد کرنے کیلئے مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دستاویزی ثبوتوں کے علاوہ جرم انجام دینے کا ہتھیار بھی قبضے میں لیا گیا ہے جو ملزم کی ’’ذہنی حالت‘‘کی عکاسی کرتے ہیں۔منگل کی صبح جموں پولیس نے مشتبہ ملزم کی تصاویر ساشل میڈیا پر شیئرکیں اور اس کا سراغ لگانے میں عوام سے مدد طلب کی۔پولیس نے مشتبہ ملزم کی تصویر کیساتھ لکھاکہ جس کسی کو بھی اس کے بارے میں کوئی اطلاع ملتی ہے یا وہ کہیں بھی نظر آتا ہے، اس کی اطلاع پولیس کے ساتھ شیئر کی جانی چاہیے۔دریں اثناء جموں وکشمیرپولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں بتایاکہ گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والے ایک 23 سالہ نوجوان یاسراحمد کو منگل کے روزجموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل (جیل خانہ) ہیمنت کے لوہیا کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ یاسراحمد لوہار کی گرفتاری رات بھر کی ایک بڑی تلاش کے بعدعمل میں لائی گئی۔پولیس نے مزید کہا کہ اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے کہاکہ مشتبہ ملزم یاسر لوہارساکنہ دھندراتھ رام بن کوکاناچک کے علاقے میں ایک کھیت سے گرفتار کیا گیا۔