لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں دیویانگ جن کی ہنرمندی کی ترقی ، باز آباد کاری اور بااِختیار بنانے کیلئے عارضی کمپوزٹ ریجنل سینٹر کا اِفتتاح کیا
مرکزی وزیر سوشل جسٹس اینڈ امپاورمنٹ نے سی آر سی سانبہ کا سنگ بنیاد رکھا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے جموں میں دیویانگ جن کی ہنرمندی کی ترقی ، باز آباد کاری اور بااختیار بنانے کے لیے عارضی کمپوزٹ ریجنل سینٹرکا اِفتتاح کیا۔یہ سہولیت دیویانگ جن کے مختلف زُمروں کے لئے بحالی کی خدمات کے علاوہ اُنہیں بااِختیار بنانے کے لئے سکل ڈیولپمنٹ کی تربیت فراہم کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی جی نے دیویانگ جن کے تئیں معاشرے کے رویے میں اہم تبدیلی لائی ہے اور معیاری اور آزاد زندگی گزارنے کے لئے ان کو بااختیار بنانے کی راہ ہموار کی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے دیویانگ جن کے تئیں سماج کی سوچ کو تبدیل کیاہے جو پہلے منحصر سمجھے جاتے تھے لیکن اَب وہ خود اعتمادی سے بھرہوئے ہیں، بااِختیار ہیں اور اَپنی زندگی کے سفر میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔اُنہوںنے کہاکہ جموں کشمیر اِنتظامیہ دیویانگ جن کو بااِختیار بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ جموں و کشمیر میں اگست 2019 ء کے بعد دیویانگ جن کو بااختیار بنانے اور جامع حقوق کو یقینی بنانے کے لئے کئی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، تمام 20 اضلاع میں شکایات ازالے کے آفیسر اور نوڈل ایجوکیشن آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد انتظامیہ نے فوائد اور خدمات تک رسائی کے لئے ڈِس ایبلٹی سرٹیفکیٹ کے اجرأ کی سہولیت آسان بنایا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ اب تک 1,76,355 یوڈی آئی ڈی سرٹیفکیٹ جاری کئے جا چکے ہیں اور 1,82,338 یوڈی آئی ڈی کارڈ تیار کئے جا چکے ہیں۔ سی سی پی ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر ملک میں چھٹے نمبر پر ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’دیویانگ جن کو سہولیات، اِختیارات اور عزت کے ساتھ اَپنی زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے خود روزگار سکیموں کے ذریعے کوششیں کی جارہی ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دیویانگ جن کو خصوصی الیکٹرانک آلات فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ بصارت اور سماعت سے محروم افراد کے لئے مواصلات اور رسائی میں آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ دیویانگ جن جموں و کشمیر کی اِقتصادی ترقی میں برابر کے شراکت دار ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ دیویانگ جن وقار اور عزت نفس کی زندگی گزاریں۔بعد میں مرکزی وزیر سوشل جسٹس اینڈ امپاورمنٹ ڈاکٹر وریندر کمار نے بذریعہ ورچیول موڈ کمپوزٹ ریجنل سینٹر ( سی آر سی ) سانبہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِس موقعہ پر ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما اور چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل سانبہ کیشو دت شرما بھی موجود تھے۔سانبہ میں سی آر سی این بی سی سی 38 کنال 18 مرلہ اراضی میں تعمیرکیا جائے گا۔ تعمیر کی تخمینہ لاگت 29 کروڑ روپے ہے اور تعمیراتی کام شروع کرنے اور ایک سال کے اندر کام مکمل کرنے کے لئے این بی سی سی کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ہیں۔