پنچایتوں کو مزید مستحکم کرنے کیلئے عوامی شرکت پر زور دیا
ریاسی/ لیفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے ریاسی ضلع کے پنتھال بلاک کی دھیرتی پنچایت کا دورہ کر کے وہاں بیک ٹو ولیج کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں کا برسر موقعہ جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ڈپٹی کمشنر ریاسی اندو کنول اور ضلع انتظامیہ کے کئی افسران ان کے ہمراہ تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پنچایتی راج نظام کی بنیادیں جمو ںوکشمیر میں بھی مضبوط ہور ہی ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گرام سبھائوں میں بڑھ چڑھ حصہ لیں تاکہ عوام کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کیا جاسکے اور عوامی مسائل کو حل کیا جاسکے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو حکومت کی جانب سے چلائی جارہی فلاحی سکیموں کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے جانکاری پروگرامو ں کے انعقاد پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اِلتوأ میں پڑے پروجیکٹوں کی معیاد بند مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل ترتیب دیا ہے ۔ پایہ دار ترقی پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری میں سائنسی اپروچ اپنانے اور جنگلات و قدرتی وسائل کو تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت عنقریب ’’ ہر گھر جل‘‘ نامی سکیم متعارف کر رہی ہے جس کے تحت ملک کے ہر گھر تک پینے کا پانی پہنچایا جائے گا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی راج نظام کو مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے گورنمنٹ مڈل سکول موری کی دیوار بندی کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔لیفٹیننٹ گورنر اور چیف سیکرٹری نے سکول کے صحن میں کچھ پودے بھی لگائے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوران لوگوں کی طرف سے حکام کی نوٹس لائے گئے عوامی مسائل کو حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ بیک ٹو وِلیج پروگرام کے پہلے مرحلے دوران لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ لوگوں کی ضروریات پورا کی جاسکیں۔