این ای پی 2020کے تحت گوجری وپہاڑی کتابوں کا نصاب تیار کرنے کا سلسلہ جاری
لازوال ڈیسک
جموں؍؍نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020کے تحت گوجری وپہاڑی کتابوں کا نصاب تیار کرنے کے لئے جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن جموں(JKBOSE)نے سہ روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا ہے۔ 20اگست بروز منگل کواِس ورکشاپ کا آغاز ہوا۔ افتتاحی نشست میں ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر(ڈاکٹر)سدھیر سنگھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ نئی قومی تعلیمی پالیسی کے نیشنل کری کیولم فریم ورک ، فائونڈیشن اسٹیج اور نیشنل کری کیولم فریم ورک اسکول ایجوکیشن کے تحت پہلے مرحلہ میں اول، دوم، سوم اور ششم جماعتوں کے لئے نصابی کتابیں تیار کر نی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ JKBOSEہرعلاقائی زبان کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے اور ہر زبان میں ہم نصابی کتابیں تیار کر رہے ہیں لیکن حیرانگی کا مقام ہے کہ گوجری اور پہاڑی زبان بولنے والوں کی کثیر تعداد جموں وکشمیر میں موجود ہے لیکن اْنہیں اسکولوں سے گوجری وپہاڑی نصابی کتابوں کی ڈیمانڈ موصول نہیں ہورہی۔اس سے پہلے بھی نصابی کتابی تیار ہیں لیکن اسکولوں میں رائج نہ ہوسکیں۔ انہوں نے مادری زبانوں کی ترویج وترقی کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے اس کے لئے اِن زبانوں کو بولنے والوں کا بھی بھر پور تعاون بھی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ مادری زبان کو فروغ دینے کے لئے کیمونٹی سطح پر لوگوں میں بیداری اور جذبہ لازمی ہے۔ انہوں نے اْمیدظاہر کی کہ زبانوں کے ماہرین اچھی اور معیاری کتابیں تیار کریں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈمکس جے ڈی ڈاکٹر یاسر حمید سروال جوکہ ورکشاپ کو کارڈی نیٹ کر رہے ہیں، نے بعد میں نصابی کتابیں تیار کرنے کے لئے نیشنل کری کیولم فریم ورک کے قواعد بارے تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد دن بھر ایکسپرٹ پینل کے ممبران نصاب کی تیاری میں سرگرم ِ عمل رہے۔آئندہ تین دنوں تک نصاب کو تیار کرنے کا عمل جاری رہے گا۔ اِس کے بعد پھر نصابی مسودہ پر نظرثانی ہوگی۔پہاڑی کتابوں کے لئے ایکسپرٹ پینل میں کلچرل اکادمی میں شعبہ پہاڑی کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق انوار مرزا، شعبہ اْردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحق نعیمی،سابقہ پرنسپل اور پہاڑی ادیب غلام حیدر میر (نعیم)، سوامی انتر نیور، شیخ ظہور الدین، ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ، شعبہ عربی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مسرت جبین، وکرانت شرما، ویشال پہاڑی، سنی کھجوریہ، اجے کمار ، اجیت شرما شامل ہیں جبکہ گوجری کتابوں کے نصاب تیار کرنے والے پینل میں کلچرل اکادمی میں شعبہ گوجری کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر جاوید راہی، سنیئر لیکچرروبراڈ کاسٹرنگہت چودھری، ادیب ومحکمہ مال افسر نسیم اختر، شازیہ چودھری، محمد امین انجم، عبدالمجید چودھری،حکیم محمد جان اور طارق حسین ابرار شامل ہیں۔