مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی قبائلی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر کے ایس ٹی مورچہ نے اپنے ریاستی صدر چودھری روشن حسین گجر کی قیادت میں بی جے پی ہیڈ کوارٹر، تریکوٹہ نگر جموں میں ایک سماجی سمیلن (قبائلی کانفرنس) کا انعقاد کیاجہاںتقریب کے مرکزی مقرر چوہدری ارشد تھے۔اس موقع پر ریاستی جنرل سیکرٹری ریاض کھٹانہ، نائب صدر لیاقت علی، ریاستی سیکرٹری عبدالمحمود، پبلسٹی سیکرٹری سیف علی، ضلعی صدور اصغر علی، محمد رفیق، عبدالحسین اور دیگر موجود تھے۔
وہیںچودھری روشن حسین نے کانفرنس سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے قبائلی برادری کے لوگوں کو مودی سرکار کی طرف سے جموں و کشمیر کی قبائلی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ این سی، پی ڈی پی اور کانگریس نے قبائلی برادری کو صرف ووٹ بینک کے لیے استعمال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کے دور حکومت میں کوئی حقیقی ترقی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی حکومت ہے جس نے کمیونٹی کو گلے لگایا، اس کی ضروریات کو سمجھا اور ان کے جائز حقوق دیے اور ترقی کے دروازے کھولے۔
وہیںچودھری ارشد نے اپنی تقریر میں مودی حکومت کی طرف سے کمیونٹی کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے مودی حکومت کی عوامی بہبود کی اسکیموں کی تفصیلات بتائی اور قبائلی طبقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں مودی حکومت کی دل سے حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ انہیں پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط کرنا چاہئے تاکہ مودی حکومت کمیونٹی کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی مضبوطی کے لئے مزید اقدامات اٹھا سکے۔