یواین آئی
نئی دہلی؍؍جسٹس ریتو راج اوستھی نے بدھ کو یہاں لوک پال کے عدالتی رکن کے طور پر حلف لیا۔ لوک پال کے چیئرمین جسٹس اے۔ ایم کھانولکر نے انہیں حلف دلایا۔ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پنکج کمار اور اجے ٹرکی نے یہاں ہندوستانی لوک پال کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں لوک پال کے اراکین کے طور پر حلف لیا۔نئی تقرریوں میں دو موجودہ جوڈیشل ممبران، جسٹس پی کے موہنتی اور جسٹس ابھیلاشا کماری شامل ہیں، جبکہ تین اراکین ڈی کے۔ جین ، ارچنا راماسندرم اور مہندر سنگھ کی تقرری 26 مارچ کو لوک پال میں ان کی میعاد پوری ہونے کے بعد کی گئی ہے۔
لوک پال کے جوڈیشل ممبر مقرر ہونے سے پہلے جسٹس اوستھی نے 22ویں لاء کمیشن کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس سے پہلے وہ کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔مسٹر کمار 1986 بیچ کے گجرات کیڈر کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر ہیں۔ لوک پال کا رکن بننے سے پہلے وہ گجرات کے چیف سکریٹری کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
مسٹر ٹرکی مدھیہ پردیش کیڈر کے 1987 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر ہیں۔ لوک پال کا رکن بننے سے پہلے وہ مرکزی حکومت کے لینڈ ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے سکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔سنٹرل ویجیلنس کمشنر پروین کمار سریواستو اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اینڈ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سینئر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔