ٹوکیو، 3 اگست (یو این آئی) جاپان کے جنوبی جزیرے اوکیناوا پریفیکچر میں طاقتور طوفان خانون کی وجہ سے موسلادھار بارش جاری ہے اور جمعرات کو بارش سے متعلقہ واقعات میں مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی۔
ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔
طوفان کی وجہ سے اوکیناوا میں 24 فیصد گھروں میں بجلی گل ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ اروما شہر میں ایک معمر خاتون (89) موم بتی سے آگ لگنے کے باعث جھلس کر ہلاک ہو گئی۔
اس سے قبل بدھ کے روز طاقتور طوفان میں ایک مکان منہدم ہو گیا، جس میں ایک شخص (90) زخمی ہو گیا تھا اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔
مقامی میڈیا آؤٹ لیٹس کے مطابق، طوفان کے باعث اب تک تقریباً 61 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اوکیناوا کے بعض علاقوں میں ٹریفک لائٹس بھی خراب ہوگئیں۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے کہا کہ کم از کم 314 پروازیں اور 40 ہزار سے زیادہ مسافروں کے متاثر ہونے کی توقع ہے۔ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے تک، طوفان میاکوجیما جزیرے کے شمال مغرب میں واقع تھا، جو 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا تھا۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے کہا، 60 میٹر فی سکینڈ کی زیادہ سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ، مشرقی بحیرہ چین پر اپنی طاقت کو برقرار رکھتے ہوئے طوفان جمعہ کو آہستہ آہستہ مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ اوکیناوا پریفیکچر میں لوگوں سے ہائی الرٹ پر رہنے کی درخواست کی گئی ہے، کیونکہ ٹائیفون خانون میاکوجیما جزیرے کے قریب ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ ہوکائیڈو میں اتوار کے روز تک ہونے والی کل بارش شمالی پریفیکچر کے لیے اگست میں عام ماہانہ اوسط سے زیادہ ہو سکتی ہے، جبکہ جنوب مغربی کاگوشیما پریفیکچر، اوکیناوا اور امامی-اوشیما جزیرے میں اور زیادہ بارش متوقع ہے۔
حکام نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سیلاب سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔