ممتازدنشورپروفیسرمحمد اسلم پرویز اور پروفیسر اخترالواسع نے تقریب سے خطاب کیا
نئی دہلی // جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی آف ایجوکیشن میںساتواں ـسعید انصاری میموریل لیکچرکا انعقادڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر سارہ بیگم کی صدارت میں عمل میں آیا۔ڈاکٹرسعید انصاری صاحب جامعہ کے شعبۂ تعلیم کے بانی تھے۔وہ ڈاکٹر ذاکر حسین صاحب کی سرپرستی میں قائم کردہ استادوں کا مدرسہ یعنی ٹیچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پہلے پرنسپل تھے۔آج ٹی ٹی آئی ٹیچرٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن (آئی ۔اے۔ایس۔ای) کے نام سے جانا جاتاہے۔اس پروگرام میں مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی (حیدرآباد)کے سابق وائس چانسلر اور ممتازدانشورپروفیسر محمداسلم پرویزگیسٹ اسپیکر کی حیثیت سے اور پدم شری پروفیسر اختر الواسع چیئر پرسن کی حیثیت سے مدعو تھے۔پروفیسر سارہ بیگم نے مہمان اسپیکر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا تعارف پیش کیا اور موضوع سے متعلق اپنے تاثرات پیش کیے۔ پروفیسرمحمد اسلم پرویز نے بعنوان ’’ مالک کائنات: اس کے قوانین اور مخلوق‘‘ پر تفصیلی خطبہ پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ کائنات کا نظام خالق کائنات کے اصولوں کے مطابق چلنے سے ہی دنیا میں امن قائم ہوگا۔قرآن بنی نوع انساں کی کتاب ہے۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات کاد رجہ عطاکیامگر پھر بھی انسان اللہ کے احکام کی نافرمانی کرتاہے اور اسی کی وجہ سے سماج میں انتشاراور بدامنی کی فضا قائم ہے۔انھوں نے قرآن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسان کو نرمی، صلہ رحمی، نیکی اور بھلائی کا حکم دیتاہے۔انسان کو چاہیئے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے احکام پر تدبر کرے اور غوروفکر سے کام لے۔پروفیسر اخترالواسع نے بھی پر اپنے تاثرات پیش کیے اور تعلیم نسواں کی ضرورت اور اہمیت پر زوردیا۔
اس موقع پر مولاناآزادنیشنل اردو یونیورسٹی (حیدرآباد) کے سابق شیخ الجامعہ پروفیسر محمد میاں، ڈاکٹر سعید انصاری کے فرزند جناب محمودانصاری، ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی صدر پروفیسر جیسی ابراہم، ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل اسٹڈیز کے صدرشعبہ پروفیسر ارشد اکرام احمد کے علاوہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے سبھی پروفیسر صاحبان اور طلبا وطالبات شریک تھے۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر مہنازانصاری نے انجام دیئے اور انہیں کے اظہارتشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔