جموں؍؍ڈوڈہ کے گارسو علاقے میں تیز بارشوں کے نتیجے میں تین رہائشی مکان زمین بوس ہو گئے جبکہ مزید تین میں دراڑیں پڑ گئیں۔معلوم ہوا ہے کہ مکینوں کو محفوظ مقام کی اورمنتقل کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ڈوڈہ کے دور افتادہ علاقے گارسو میں رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑنے کے بعد تین رہائشی مکان زمین بوس ہو گئے۔
مقامی شہری محمد امین نے بتایا کہ تین رہائشی مکان گر گئے جبکہ تین میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے چار کنبوں سے وابستہ مکینوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا جبکہ تحصیلدار کی سربراہی میں ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور لوگوں میں ضروریات زندگی کی چیزیں تقسیم کیں۔
ان کے مطابق سردی کے ان ایام میں وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا رہائشی مکان زمین بوس ہونے کے دوران کسی کو چوٹ وغیرہ نہیں آئی کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی طورپر مکینوں کو پہلے ہی محفوظ جگہ منتقل کیا تھا۔