تھنہ منڈی میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف مہم جاری
عمران خان
راجوری؍؍ ڈی سی راجوری وکاس کنڈل آئی اے ایس کی ہدایت پر اور ایس ڈی ایم تھنہ منڈی وکاس دھر بگاتی جے کے اے ایس کی نگرانی میں تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ جے کے اے ایس نے تحصیل تھنہ منڈی میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے مزید 2 پرائیویٹ اسکولوں کو بند کردیا۔ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے سکولوں کو بند کرانے کے لیے تحصیلدار تھنہ منڈی باقاعدگی سے تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور انہوں نے اب تک آٹھ سکولوں کو بند کر دیا ہے۔ انہوں نے دونوں سکولوں کی سکول کی عمارت کو موقع پر ہی سیل کر دیا۔ محکمہ تعلیم نے بھی اس پہ کڑی نگرانی رکھی ہوئی ہے اور زون میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں معمول کے مطابق بند کیا جارہا ہے۔ ایسے اسکولوں کو بند کرنے کے لیے ZEO تھنہ منڈی نے تحصیلدار تھنہ منڈی کے ساتھ ایک ٹیم تعینات کی ہے اور آج ٹارگٹ مکمل کر کے غیر قانونی طور پر کام کرنے والے تمام اسکول سیل کر دیے گئے ہیں۔ تحصیلدار تھنہ منڈی نے وہاں موجود مقامی لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے سکولوں میں داخل نہ کریں کیونکہ انہوں نے سکول کھولنے سے پہلے محکمہ تعلیم سے کوئی اجازت نہیں لی ہے۔ جن سکولوں کی عمارتیں سیل کی گئیں ان میں اے ایم آئی ای ڈنہ اور چودھری بشیر میموریل پبلک سکول منگوٹا شامل ہیں۔ ان کے ساتھ محکمہ تعلیم کی ایک ٹیم بھی تھی جسے زیڈ ای او تھنہ منڈی نے تعینات کیا تھا۔تحصیلدار تھنہ منڈی نے بتایا کہ یہ مہم ڈی سی راجوری وکاس کنڈل کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے اور ایسے تمام اسکول بند کردیئے گئے ہیں اور مستقبل میں اگر کوئی بھی ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کے لیے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ تحصیلدار تھنہ منڈی کی طرف سے اب تک آٹھ پرائیویٹ سکول بند کر دیے گئے ہیں جن میں المدینہ العلم پبلک سکول تھنہ منڈی ڈبلیو نمبر 13 تھنہ منڈی، سن شائن پبلک سکول بھنگائی، مزمل انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اپر الال، برائٹ کیرر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن بیگونارا، النور انسٹی ٹیوٹ بہروٹ، بی جے ایس دوداسن بالا بسن، اے ایم اء ڈنہ منگوٹہ اور چوہدری بشیر میموریل انسٹی ٹیوٹ منگوٹا۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے گورنمنٹ سکول پی ایس منگوٹہ اور پی ایس ڈھکی سیداں کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے پایا کہ ایک سکول میں سٹاف ٹھیک سے کام نہیں کر را اور انہوں نے زیڈ ای او تھنہ منڈی کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنا کام صحیح طریقے سے نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اسکے علاوہ انہوں نے ان کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری اور اسکول کے رول میں اضافے کے لیے انہیں سخت ہدایات جاری کیں۔