نئی دہلی،// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ڈاکٹر اشوک واجپئی نے منگل کو راجیہ سبھا میں توہین مذہب کے قانون کا مطالبہ کیا۔
ایوان میں وقفہ صفر کے دوران، ڈاکٹر واجپئی نے "اسپیکر کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملات” کے تحت کہا کہ ملک کا اکثریتی معاشرہ روادار ہے اور اسے کمزوری سمجھ لیاگیا ہے۔ بہت سے لوگ قابل اعتراض بیانات دیتے ہیں، لٹریچر شائع کرتے ہیں اور تصویریں بناتے ہیں۔ اس سے اکثریتی سماج کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ حکومت کو دوسرے ممالک کی طرح ہندوستان میں بھی مذہبی عقائد کا احترام کرنے کے لیے توہین مذہب کا قانون بنانا چاہیے۔
بیجو جنتا دل کی سلتا دیو نے جانوروں کے ساتھ ظلم کرنے والے لوگوں کے خلاف سخت التزام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مخلوقات کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جاتا ہے اور کئی طرح سے اذیتیں دی جاتی ہیں۔ حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے اور جانوروں کو ظلم سے بچانا چاہیے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایس سیلواگنبیتھی نے ڈاکٹروں اور اساتذہ کی بھرتی میں مقامی زبانوں اور بولیوں کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور اساتذہ کو مقامی زبان نہ جاننے کی وجہ سے متعلقہ خدمات متاثر ہوتی ہیں اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔