نمو ایپ کے ذریعے بھاجپاکارکنان کیساتھ ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘ پروگرام کے دوران بات چیت کی
نئی دہلی؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو تمل ناڈو میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں سے کہا کہ وہ ہر بوتھ پر ہر ووٹر کو بتائیں کہ بدانتظامی، بدعنوانی، خراب امن و امان اور منشیات کی لت دراوڑ منیتر کزگم (ڈی ایم کے) کی دین ہے۔مسٹر مودی نے آج تمل ناڈو کے بی جے پی کارکنوں کے ساتھ نمو ایپ کے ذریعے ’ایناتھو بوتھ ولیمائیانہ بوتھ‘ یعنی ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘ پروگرام کے دوران بات چیت کی۔
وزیر اعظم مودی نے تمل ناڈو بی جے پی کارکنوں کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ اس بات چیت میں مسٹر مودی نے آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کارکنوں کو جوش دلایا اور کارکنوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کے بارے میں تجاویز لیں۔ وزیر اعظم مودی نے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں تمل ناڈو میں بی جے پی کی جیت کے لیے قوم کی تعمیر کے پارٹی کے نظریات کو عوام تک پہنچائیں۔ مسٹر مودی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ نمو ایپ کا استعمال کریں اور ریاست میں حکمراں جماعت ڈی ایم کے کی بدعنوانی اور غلط حکمرانی کا پیغام ریاست کے ہر خاندان تک پہنچائیں۔