کہابی جے پی کی قیادت والی حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے
لازوال ڈیسک
ادھم پور؍؍ دو بار سابق ایم پی، اور تین بار سابق کابینی وزیر اور ادھم پور لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھنے جگنو، رتی، کوہ نالہ، کگھوٹ اور رام نگر میں سلسلہ وار میٹنگوں سے تبادلہ خیال کیا۔ چودھری لال سنگھ نے مختلف مقامات پر اجتماعات سے اظہار خیال کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر الزام عائد کیا کہ مقامی ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک اور سراسر اقربا پروری ہو رہی ہے جہاں صرف خاص لوگوںکو ہی مقامی صلاحیت کے حامل افراد پر منافع بخش عہدے دیے جا رہے ہیں۔ چودھری نے کہا کہ تمام سٹریٹجک پوزیشنوں پر باہر کے لوگوں نے قبضہ کر لیا ہے اور مقامی ملازمین کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مکمل طور پر مالی بحران کا شکار ہے اور ملازمین کو بالعموم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ملازمین کو بالخصوص بقایا جات دینے میں ناکام ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت دیہاڑی داروں، ایس پی اوز،این وائی سیزوغیرہ کے مسائل سے کافی لاتعلق اور بے حس رہی ہے۔ انہوں نے تمام حاضرین سے وعدہ کیا کہ ایک بار اقتدار میں آنے کے بعد وہ پارلیمنٹ میں ان تمام حقیقی مسائل کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے مزید تنقید کی کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے اور اس حکومت نے سماج کے ہر طبقے کو مایوس کیا ہے۔ وہیں سابق وزیر ش ہرش دیو سنگھ نے بھی اجتماع سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی طرف سے پچھلے دس سالوں کے دوران روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا نہ تو کوئی وژن تھا اور نہ ہی کوئی منصوبہ جس سے علاقے کے نوجوانوں کو پریشان کیا گیا تھا۔