کولکتہ، مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس اتوار کی شام وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گی۔
کولکاتہ شمالی سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور پارٹی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سدیپ بندوپادھیائے نے اتوار کو نئی دہلی روانہ ہونے سے قبل دم دم ہوائی اڈے پر صحافیوں کو یہ معلومات دی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے پہلے سے ہی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ایک نو منتخب رکن پارلیمنٹ کے طور پر رجسٹرار کرانے کے لئے جا رہا ہوں کیونکہ پارلیمنٹ کھلی ہوئی ہے، اگرچہ آج اتوار ہے‘‘۔ بی جے پی لیڈر پرہلاد جوشی نے ہفتہ کو مجھے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے بلایا تھا، لیکن ہماری پارٹی نے اس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترنمول کی صدر ممتا بنرجی نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ وہ مرکز میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شامل نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو ہمیں کوئی دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور نہ ہی ہم اس میں شرکت کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، مسٹر مودی کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر پارٹی کے حامیوں نے مرکزی کولکتہ میں بی جے پی کے دفتر میں جشن منایا۔ بی جے پی کے حامیوں نے مرکز میں مسٹر مودی کی مسلسل تیسری اننگز کے موقع پر ایک دوسرے پر زعفرانی رنگ کا گلال ڈالا۔
بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے ریاستی صدر سکانت مجمدار اور بونگاؤں کے ایم پی شانتنو ٹھاکر کو مرکزی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ مسٹر ٹھاکر مودی حکومت کے دوسرے دور میں بھی وزیر تھے۔