طریقہ مصطفیٰﷺ اور محبت مصطفی ﷺ میں ہی ساری کامیابیاں مضمر ہیں: مولانا قمر الزماں اشرفی
لازوال ڈیسک
سرنکوٹ؍؍آج یہاں تحصیل سرنکوٹ کے بلاک لسانہ کی پنچایت ملہان کی مسجد فیضان مصطفیٰ ﷺ محلہ پسوالاں میں یک روزہ عظیم الشان جلسہ بنام جشن عید میلاد النبی ,ﷺکا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مقامی علمائ کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔ نعت رسول مقبول کے گلدستے پیش کرنے کے بعد مولانا حافظ فاروق نقشبندی صاحب نے ایک پر مغز خطاب فرمایا اور سامعین ذکر خدا اور ذکر مصطفی ﷺ سن کر خوب جھومتے رہے بعد ازاں مقرر خصوصی حضرت علامہ مولانا قمر الزماں اشرفی مہتمم دارالعلوم عزیز یہ اہلسنت نے ایک علمی اور فکری خطاب میں فرمایا کہ دنیا کی ساری کامیابیاں اسوء رسول ﷺمیں ہی پوشیدہ ہیں آپ نے مزیدفرمایا کہ صرف اور صرف طریقہ اہلسنت و جماعت ہی انسان کو راہ ہدایت عطاء کرتا ہے اس لئے پوری امت کو طریقہ اہلسنت و جماعت پر یکجا ہوجانا چاہئے، کیونکہ ہر طبقہ میں کچھ ذی شعور لوگ بھی موجود رہے ہیں اور ہیں بھی۔ قبلہ مٹھا باجی صاحب نے اپنی مختصر گفتگو میں فرمایا جس بکرے کو ذبح کیا گیا ہے صرف اسی ہی تناول کیا کریں مارے گئے بکرے کو ہرگز نہ کھائیں۔ آنجناب کا اشارہ بڑے ہی ایک حساس مسئلے کی طرف تھا جس کو باجی صاحب نے اپنے انداز میں بیان فرمایا اور سامعین نے بھی سمجھ لیا۔ واضح رہے یہ پروگرام ملہان کی ایک عظیم ہمدرد اور متفکر اہلسنت شخصیت حضرت حافظ محمد اکرم صاحب نے اپنی مکمل تگ ودو کیساتھ اور علاقہ کے نوجوانوں کو ساتھ لیکر کروایا اور یہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے نام سے ملہان کی اس مسجد شریف محلہ پسوالاں میں ہر سال ہوتا ہے۔ اس موقع پر حضرت مولانا شوکت حسین، حضرت مولانا عبدالخالق، حافظ عبدالقدیر اشرفی دہ امام پنچایت ملہان، حاجی صادق ، چوکیدار محمد لطیف ، نمبر محمد اسلم، ممبر شبیر ، ممبر شمیم احمد ، شکیل احمد ، اور محترم محمد لطیف کے علاوہ کثیر تعداد میں علاقہ کے معززین نے شرکت کی صلاۃ وسلام کے بعد فلسطین کے مسلمانوں کے لئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ مجموعی دعا کیے بعد تبرک تقسیم ہوااسی کیساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔