آگرہ:03اگست(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع آگرہ میں واقع تاج محل میں ہفتہ کو دو نوجوانوں نے گھومتے ہوئے بوتل سے اندر پانی گرایا اور تاج محل کو تاجو مہالئے بتاتے ہوئے جل ابھیشیک کا دعوی کیا حالانکہ معاملے کی جانکاری ملتے ہی دونوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس سورج رائے نے میڈیا کو بتایا کہ تاج محل گھومنے آئے دو نوجوانوں کے ذریعہ ہفتہ کو بوتل سے تاج محل کے اندر جل گرایا گیا۔ یہ حرکت دیکھ سی آئی ایس ایف نے نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ تھانہ تاج گنج میں دی گئی تحریر کی بنیاد پر قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔
ہندویوا واہنی کا دعوی ہے کہ یہ دونوں ملزمین تاج محل کو شیو مندر تاجو مہالئے مانتے ہوئے ساون میں گنگا جل چڑھانے پہنچے تھے۔ دونوں نوجوانوں نے مین مقبرے میں واقعہ تہہ خانے کے دروازے پر اوپر سے ہی گنگا جل چڑھایا۔ دونوں کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں ایک نوجوان سیڑیوں پر بوتل سے جل گراتے اور دوسرا مقبرے کی باہری دیوار پر اوم کا اسٹیکر چپکانے کے بعد بوتل سے جل گراتا دکھ رہا ہے۔