سی این ایس
سرینگرجموں وکشمیر سے متعلق بھاجپا کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ریاستی عوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ایسے تمام حربوں کا توڑ کرنا لازمی بن گیا ہے جن کے تحت یہاں کے لوگوں کو علاقائی، لسانی خصوصاً مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ فرقہ پرستی اور مذہبی منافرت پھیلا کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا بھاجپا کا پُرانا شیوا رہا ہے اور یہ جماعت اس وقت بھی اپنے فوائد کیلئے ریاست میں آگ لگانے پر تلی ہوئی ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر کارکنوں اور عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، جنوبی زون صدر محمد اکبر لون، وسطی زون صدر علی محمد ڈار،جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، سینئر نائب صدر صوبہ محمد سعید آخون، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر اور ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد بھی موجو دتھے۔ ساگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ڈی پی کی مہربانی سے آج بھاجپا والے یہاں کھلے عام دفعہ370ہٹانے، مسلم پرسنل لاءختم کرنے، یکساں سول کوڈ نافذ کرنے اور رام مندر کی تعمیر کی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا کے خودساختہ لیڈران آج جموں وکشمیر میں آکر اپنی تقریروں میں بڑی بڑی باتیں اور بلند بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ اُن کا ماضی داغ دار ہے اور اُن کے ہاتھ ہزاروں معصوموں کے خون سے رنگے ہیں۔ جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’سیو ڈیموکریسی ڈے‘ منانے والوں نے ملک میں جمہوریت اور سیکولرزم کا گھلا گھونٹا، جموریت میں کورپشن کی نذر کردیا، اقلیتوں کا قافیہ حیات تنگ کردیا، مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت کرکے مذہبی آزادی سلب کردی، گوو رکھشا کے نام پر قتل عام اور مار دھارڈ کروایا۔پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ پی ڈی پی نے ساڑھے3سال کی حکومت سازی میں تن دہی اور لگن کے ساتھ بھاجپا اور آر ایس ایس کے فرمانوں پر عمل کیا اور ان کشمیر دشمن جماعتوں کے ایجنڈا کی آبیاری کی۔ قلم دوات جماعت والوں کی اقتدار کی خاطر اپنے ضمیر تک کا سودا کیا ۔ پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت میں یہاں جی ایس ٹی سمیت 4مرکزی قوانین کو لاگو کیا جو ریاست کی خصوصی پوزیشن اور اقتصادی خودمختاری پر کاری ضرب کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا نے مل کر ایک طرف جموں وکشمیر کو کورپشن، اقرباپروری اور رشوت ستانی میں مکمل طور پر غرق کردیا اور دوسری جانب جنگل راج قائم کرکے یہاں قتل و غارت اور ظلم و جبر کا بازار گرم کیا۔