نئی دہلی، 26 جولائی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق قومی نائب صدر پربھات جھا کا آج صبح گڑگاؤں کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
ان کی عمر 67 برس تھی۔ مدھیہ پردیش بی جے پی کے سابق ریاستی صدر مسٹر پربھات جھا گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔ انہوں نے گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں صبح تقریباً 5 بجے آخری سانس لی۔
بتایا گیا ہے کہ ان کی نعش کو بہار کے ضلع مدھوبنی میں کرمائی گاؤں لے جایا جائے گا اور وہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
مسٹر پربھات جھا 4 جون 1957 کو بہار کے ضلع سیتامڑھی میں پیدا ہوئے۔ سیاست میں آنے سے پہلے وہ صحافی تھے۔ انہوں نے روزنامہ سودیش گوالیار میں کام کیا اور بعد میں وہ دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے نقیب کمل سندیش کے ایڈیٹر بھی رہے۔