بی جے پی کی رکنیت سازی مہم، پارٹی چار ذرائع سے ممبر بنائے گی: شرما

0
0

بھوپال، 20 اگست (یو این آئی) مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر وشنودت شرما نے آج کہا کہ پارٹی ‘سنگٹھن پرو 2024’ کے تحت رکنیت سازی مہم کا انعقاد کر رہی ہے اور پارٹی چار مختلف ذرائع سے نئے اراکین کو شامل کرے گی۔
یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مسٹر شرما نے کہا کہ 17 تاریخ کو نئی دہلی میں رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس سے پارٹی صدر جے پی نڈا اور وزیر داخلہ امت شاہ نے خطاب کیا۔ اس کے بعد اب 21 تاریخ کو ریاستی دفتر میں ریاستی بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس میں پارٹی کا کور گروپ، ریاستی عہدیدار، ڈویژن انچارج، اراکین کا گروپ، اراکین اسمبلی، ایم ایل ایز، ضلعی صدور، محاذوں کے صدور، میڈیا ٹیمیں اور ترجمان شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور ایم ایل اے بھگوان داس سبنانی کو ریاست میں رکنیت سازی مہم کا انچارج بنایا گیا ہے، جن کی قیادت میں پانچ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ کل کی ورکشاپ کے بعد ضلع، ڈویژن اور شکتی کیندر کی سطح پر ورکشاپس ہوں گی۔ اس کے بعد 31 اگست کو ملک کے 10 لاکھ بوتھس اور ریاست کے 64 ہزار 871 بوتھس پر ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں انتخابات کا تجزیہ کرنے کے بعد پارٹی نے ان بوتھوں پر توجہ مرکوز کی ہے جو ہارے اور مسلسل ہار رہے ہیں۔ پارٹی ہر سماج اور طبقے کے لوگوں سے رابطہ کرے گی اور انہیں پارٹی سے جوڑے گی۔ یہ رکنیت چار طریقوں سے دی جائے گی، ممبرشپ مہم مسڈ کال، نمو ایپ، پارٹی ویب سائٹ اور کیو آر کوڈ کے ذریعے ۔
ریاستی صدر نے کہا کہ پارٹی وزیر اعظم نریندر مودی کو ممبر بنا کر اپنی رکنیت سازی مہم شروع کرے گی۔ پارٹی رکنیت کی تجدید ہر چھ سال بعد ضروری ہے۔
مسٹر شرما نے بتایا کہ اس وقت ملک میں پارٹی کے تقریباً 18 کروڑ ممبران ہیں۔ پچھلی بار ریاست میں ممبر شپ 95 لاکھ مس کال کے ذریعے ہوئی تھی۔ ان میں سے تقریباً 68 لاکھ کی تصدیق کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مختلف ذرائع سے کی گئی ممبر شپ کی تصدیق کی جاتی ہے اور ممبر بننے والے شخص کی مکمل تفصیلات لی جاتی ہیں۔ پارٹی کا مقصد ہر بوتھ اور طبقہ تک پہنچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا سماج میں مجرمانہ ریکارڈ ہے اور ان کی شبیہ اچھی نہیں ہے، ایسے لوگوں کے لیے بی جے پی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
کل راجیہ سبھا انتخابات کے لئے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ سے پہلے، مسٹر شرما نے کہا کہ مرکزی قیادت فیصلہ کرے گی کہ مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا میں کس کو جانا چاہئے اور ریاستی یونٹ کو مطلع کرے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا